پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز
25 اپریل 2009آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل محدود اوورز کی بین الاقوامی سیریز کے دوسرے میچ میں چھہ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز فی الحال ایک۔ایک سے برابر کر لی ہے۔
دبئی کے سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کے اینڈریو سائمنڈز نے نصف سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سائمنڈز نے 58 رنز بنائے جبکہ انہوں نے دو وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ سائمنڈز کوان کی آل راوٴنڈ کارکردگی کے لئے ’’مین آف دی میچ‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس میچ میں پاکستانی کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہیں ہوا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف 207 رنز بنائے، جس میں اوپنر سلمان بٹ کے 57، شاہد آفریدی کے 41 اور شعیب اختر کے 25 رنز شامل تھے۔
پہلے میچ کی طرح شاہد آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے جوہر دوسرے میچ بھی دکھائے۔ آفریدی نے محض چالیس گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے اور 38 رنز کے عوض آسٹریلیا کے دو کھلاڑیوں کو بھی آوٴٹ کیا۔ پہلے میچ میں آفریدی نے چھہ وکٹیں حاصل کی تھیں اور جارحانہ 24 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت دلادی تھی۔
دُبئی کے بعد اب سیریز کے اگلے تین میچ ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ایک روزہ میچ ستائیس تاریخ کو شیڈیول ہے۔ جب کہ چوتھا اور پانچواں میچ پہلی اور تین مئی کو کھیلے جائیں گے۔