1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: توہین رسالت کے قانون میں ممکنہ ترمیم پر اختلاف رائے

عبدالستار، اسلام آباد
18 اپریل 2017

پاکستان کی قومی اسمبلی نے مردان میں یونیورسٹی طالب علم مشال خان کے حالیہ قتل کی ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے بھرپور مذمت کی ہے اور اسے ایک وحشیانہ فعل قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2bRvn
Pakistan Parlament in Islamabad
اسلام آباد میں پاکستانی پارلیمان کی عمارتتصویر: AAMIR QURESHI/AFP/Getty Images

اس موقع پر قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا، ’’پوری پارلیمنٹ کو ایسے کسی بھی وحشیانہ فعل کے خلاف متفقہ اور متحدہ محاذ بنانا پڑے گا۔‘‘ اس قرارداد سے ایک دن پہلے پاکستانی سینیٹ یا پارلیمانی ایوانِ بالا میں پی پی پی کے رکن فرحت اللہ بابر نے اس قانون پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا تھا جب کہ نون لیگ کے ایک رکن نے بھی اس میں اصلاح کی بات کی تھی۔

تجزیہ نگاروں کے خیال میں پاکستان میں کئی لوگ سمجھتے ہیں کہ اس قانون میں ترمیم کی جانی چاہیے تاکہ توہین رسالت کے غلط الزامات لگانے جیسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ کئی اراکین اسمبلی بھی یہ سمجھتے ہیں کہ ایسی تبدیلیاں کی جانی چاہییں۔ پی پی پی کے رکنِ قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے اس حوالے سے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’اس قانون میں بہتری کی گنجائش ہے، جس کے لیے طویل بحث ہونی چاہیے کیونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے۔ اگر کوئی شخص کسی دوسرے فرد پر توہینِ رسالت کا جھوٹا الزام لگاتا ہے تو قانو ن میں ایسی شقیں ہونی چاہییں کہ اس غلط الزام لگانے والے کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جا سکے۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توہینِ رسالت کے قانون کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ’’کوئی بھی پارٹی اس کے خاتمے کی بات نہیں کر سکتی کیونکہ جو ایسی کسی توہین میں ملوث ہو، اسے سزا ضرور ملنی چاہیے۔‘‘

تاہم کچھ اراکین پارلیمان اس قانون میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا تبدیلی کے سخت مخالف بھی ہیں۔ جب ڈی ڈبلیو نے پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی علی محمد خان سے اس بارے میں ان کا موقف پوچھا، تو انہوں نے کہا، ’’میں اس قانون میں ترمیم کی مخالفت کرتا ہوں کیونکہ میں مسلمان پہلے اور پی ٹی آئی کا کارکن بعد میں ہوں۔ اگر پارلیمنٹ میں اس قانون کو تبدیل کرنے کے حوالے سے کوئی ترمیم آتی ہے تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔‘‘

Pakistan Imran Khan is visiting Mashal Khan home
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ذاتی طور پر تعزیت کے لیے صوابی میں مشال خان کے گھر گئےتصویر: PTI

حکومت کی اتحادی سیاسی جماعت نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس قانون میں ترمیم کی حمایت کرتی ہے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل حسن ناصر نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے اس حوالے سے کہا، ’’یہ رجحان دیکھنے میں آرہا ہے کہ لوگ ذاتی دشمنیوں کے لیے بھی اس قانون کا استعمال کر رہے ہیں، جس سے بے گناہ افراد کی زندگیاں برباد ہو جاتی ہیں۔ ہم اس قانون کو ختم کرنے کی بات نہیں کر رہے کیونکہ تمام مذاہب کا احترام واجب ہے۔ ہم یہ کہتے ہیں کہ اس کا غلط استعمال روکا جانا چاہیے اور جھوٹا الزام لگانے والے کو بھی سخت سزا ملنی چاہیے۔ اگر اس قانون میں اس حوالے سے کوئی ترمیم آتی ہے، تو ہماری پارٹی اس کی حمایت کرے گی۔‘‘

اس کے برعکس انسانی حقوق کی تنظیمیں اس قانون کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اسد بٹ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ہمارا تو مطالبہ یہ ہے کہ اس قانون کو ختم ہونا چاہیے۔ جب سے یہ قانون بنا ہے، اس طرح کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ یہ جنرل ضیاالحق کا بنایا ہوا قانون ہے۔ اس سے پہلے بھی تو پاکستان میں لوگ رہتے تھے لیکن اس طرح کے واقعات نہیں ہو رہے تھے۔ ہمارے سیاست دانوں میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ انتہا پسندوں کو چیلنج کر سکیں۔ اگر وہ اس میں ترمیم بھی کرتے ہیں تو ہم اس کو بھی ایک مثبت قدم سمجھیں گے۔ کہیں سے ہی سہی، آغاز تو ہونا چاہیے۔‘‘

مولانا فضل الرحمان نے اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ وہ اس قانون میں کسی بھی ممکنہ ترمیم کی بھرپور مخالفت کریں گے جب کہ جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی نے اس حوالے سے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’ہم آرٹیکل 295 سی میں ترمیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی کئی سفارشات پڑی ہوئی ہیں، پارلیمنٹ ان کے بارے میں تو نہیں سوچتی یا ان پر تو قانون سازی نہیں کرتی، توہین رسالت کے قانون میں تبدیلی کے حوالے سے انہیں کیا جلدی ہے۔ لوگ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ ممتاز قادری کو تو پھانسی دے دی گئی لیکن آسیہ کو پھانسی نہیں دی گئی۔‘‘

Pakistan Proteste nach Mord an Mashal Khan
مردان میں مشال خان کے حالیہ قتل کی پورے پاکستان میں شدید مذمت کی جا رہی ہےتصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

جب اسی قانون میں ترمیم کے حوالے سے اے این پی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی سے ان کی رائے دریافت کی گئی، تو انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’یہ بات واضح ہے کہ اس قانون کو کچھ افراد غلط طریقے سے استعما ل کر رہے ہیں لیکن یہ ایک حسا س موضوع ہے۔ اگر پارلیمنٹ میں اس حوالے سے کوئی ترمیم پیش ہوتی ہے تو ہم اس کے تمام نکات کا بغور جائزہ لیں گے۔ اس کے تمام پہلوؤں پر بحث کریں گے اور پھر جو پارلیمنٹ کی اجتماعی فہم و فراست ہوگی، ہم اسی کے ساتھ چلیں گے۔‘‘

مسلم لیگ نون کے رہنما راجہ ظفرالحق نے اس سلسلے میں کہا کہ وہ ڈی ڈبلیو کی طرف سے اس بارے میں استفسار کے وقت پشاور میں تھے اور تب اس مسئلے پر بات نہیں کر سکتے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں