پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کے چرچے
پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم کے گرد ایک کلومیٹر کا علاقہ ریڈ زون بنا رہا۔ تماشائیوں کو سات مقامات پر سکیننگ کے عمل سے گزرنا پڑا البتہ پنجاب حکومت کی شٹل بس سروس کو سب نے سراہا۔
زلمی چیمپئن
فائنل میں زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو 58رنز سے با آسانی ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز کو دو بار ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ جتوانے والے کپتان ڈیرن سیمی کررہے تھے۔
فائنل جیت نہ سکے
سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مسلسل دوسری بار فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جیت والد مرحوم کے نام
فائنل میں دو وکٹوں کے ساتھ پشاور زلمی کے وہاب ریاض کی پی ایس ایل میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 30 ہوگئی، جو دو ٹورنامنٹس میں کسی بھی باؤلر کی سب سے وکٹیں ہیں۔ وہاب نے اس جیت کو اپنے مرحوم والد کے نام کیا جن کی خواہش تھی کہ وہاب کبھی اپنے شہر لاہور میں پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھائے۔ ان کے والد کا چند ہفتے پہلے ہی انتقال ہوا ہے۔
ڈیرن سیمی نے دل جیت لیے
فائنل میں ڈیرن سیمی مین آف دی میچ قرار پائے۔ وہ سیکورٹی خدشات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پاکستان آئے تھے، جس پر زندہ دلان لاہور نے ان کی بے پناہ پذیرائی کی۔ ڈیرن سیمی کو ایک پاکستانی فوجی نے اپنی سرخ کیپ بھی پیش کی۔
میدان میں سیاسی شخصیات بھی
میچ دیکھنے والوں میں سرکاری وزرا اور جرنیلوں کے علاوہ حزب مخالف کے رہنما بھی موجود تھے۔ شیخ رشید کے علاوہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی عام انکلوثر میں لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھا۔ میچ میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف گو نواز گو کے نعرے بھی لگتے رہے۔
کامران اکمل پر ڈالرز کی بارش
پشاور زلمی کے کامران اکمل کو 353 رنز بنائے پر ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین اور وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔ کامران کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا بھی حقدار ٹھہرایا گیا اور انہیں65 ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔ کراچی کنگر کے سہیل خان ایونٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے۔
پشاور زلمی کی سیلفیاں
پشاور زلمی کے کرکٹرز نے میچ سے پہلے اسٹیڈیم کا چکر لگایا۔ کپتان ڈیرن سیمی تماشایوں میں گھل مل گئے۔ وسیم اکرم انکلوثرز میں موجود پاکستانی فوجیوں نے ڈیرن سیمی مارلن سیموئل اور کرس جورڈن کے ساتھ سلیفیاں بنوائیں۔
گھڑ سوار دستے
کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم کی حفاظت کے لیے پنجاب پولیس کے گھڑ سوار دستے بھی نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں موجود رہے۔ پنجاب پولیس نے صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی اضافی نفری لاہور طلب کی تھی۔
خواتین کا جوش و جذبہ
خواتین بھی پی ایس ایل دیکھنے میں کسی سے پیچھے نہ تھیں۔ کئی اپنے شیر خوار بچوں کو لیکر اسٹیڈیم پہنچیں۔ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی میچ دیکھنے والوں میں شامل تھیں۔
زلمی کے مداح
تماشائی سج دھج کر فائنل دیکھنے آئے تھے۔ شائقین میں پشاور زلمی کے حامی تعداد کہیں زیادہ تھے جنہوں نے زلمی ٹیم کی بسنتی رنگ کی جرسی پہن رکھی تھی۔ اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کا نظم ضبط مثالی تھا۔