1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں طوفانی بارش، سو سے زائد افراد ہلاک

تنویر شہزاد، لاہور5 ستمبر 2014

پاکستان میں گزشتہ دو دنوں سے جاری رہنے والی بارش کی وجہ سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے کئی علاقوں میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1D7kQ
تصویر: Reuters/M.Raza

گوجرانوالہ میں امدادی کاموں میں شریک ایک فوجی جوان بھی سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب اور دریائے جہلم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دریائے ستلج اور دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ پنجاب کے کئی متاثرہ علاقوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اور مویشیوں کی بھی بڑی تعداد سیلابی پانی کی نذر ہو گئی ہے۔

ادھر پاکستان کا دوسرا بڑا شہر طوفانی بارشوں کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ سڑکوں، گلیوں، بازاروں اور کئی رہائشی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ اس مرتبہ یہ صورت حال ڈی ایچ اے اور گلبرگ جیسی آبادیوں میں بھی دکھائی دے رہی ہے۔ لاہور کے بعض تھانوں، سرکاری دفتروں، اسکولوں اور تہ خانوں میں پانی کھڑا ہے۔

بارش کی وجہ س لیسکو کے فیڈر بڑی تعداد میں ٹرپ کر چکے ہیں۔ کئی علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔ طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور شہر کے تمام سکول بند کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

Tote durch Monsunregen in Pakistan
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے دوسرے اضلاع سے بھی ریسکیو عملے کو بلوا لیا گیا ہےتصویر: Reuters/M.Raza

ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب ریسکیو سروس کے ترجمان جام سجاد حسین نے بتایا کہ بارش سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے دوسرے اضلاع سے بھی ریسکیو عملے کو بلوا لیا گیا ہے۔

انہوں نے جمعے کے دوپہر تک پنجاب میں اڑتالیس اور لاہور میں اٹھارہ اموات کی تصدیق کی جب کہ ادھر پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں اس وقت تک سینتیس افراد ہلاک ہو چکے تھے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی ان اعدادوشمار کی تصدیق کی ہے لیکن غیر جانب دار ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہے۔

لاہور کے ہسپتالوں میں بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں زخمی ہونے والے ایک سو چوہتر افراد لائے گئے ہیں۔ بعض ڈاکٹروں نے لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریض لائے جانے کی بھی تصدیق کی ہے۔

امدادی کارروایئوں میں شریک ایک کارکن نے بتایا کہ زیادہ تر اموات چھتیں گرنے، بجلی کا کرنٹ لگنے یا ڈوب جانے کی وجہ سے ہوئیں۔ پنجاب کے چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ بھارتی پنجاب میں اس وقت بھی مطلع ابر آلود ہے جو اگلے چوبیس گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ، اور راوالپنڈی ڈویژنوں کے علاوہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنوں میں شدید اور درمیانے درجے کی بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

سمن آباد کے ایک رہائشی صہیب خان نے بتایا کہ ان کے گھر میں پانی داخل ہو چکا ہے اور سارا سامان ضائع ہو گیا ہے۔ ان کے بقول ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ شہر میں سپلائی معطل ہو جانے کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزیں یا تو مل نہیں رہی ہیں اور یا پھر مہنگی مل رہی ہیں۔