پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو کلین سویپ کر دیا
27 جولائی 2023پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور دو سو بائیس رنز سے شکت دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ جمعرات ستائیس جولائی کو چوتھے روز ہی ختم ہو جانے والے اور کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے سب سے نمایاں پہلوؤں میں نوجوان پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کی ڈبل سینچری اور اسپنر نعمان علی کی طرف سے سات وکٹوں کا حصول بھی شامل تھا۔
پاکستان نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر پانچ سو چھہتر رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ اس کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا کی ساری ٹیم کھیل کے چوتھے روز ہی ایک سو اٹھاسی رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حریف ٹیم کی پہلی سات وکٹیں نعمان علی جبکہ باقی تین فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے حاصل کیں۔
دوسرے ٹیسٹ میں عبدا للہ شفیق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ یعنی دوسو ایک اسکور کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ آغا سلمان ایک سو بتیس رنز کے ساتھ جبکہ ان کے ساتھ پارٹنرشپ کرنے والے محمد رضوان سڑسٹھ گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کر کے ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے پچیس اووروں میں ایک سو تینتیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرابھاتھ جے سوریا نے تریپن اووروں میں ایک سو ترانوے رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے اوپنرز نے انہتر رنز کی پارٹنرشپ کے ساتھ ایک مضبوط آغاز کیا۔ پھر بائیں بازو کے اسپنر نعمان نے اپنی پہلی گیند پر ہی مدوشکا کو 33 رنز پر بولڈ کر دیا۔ کرونارتنے لنچ کے بعد 41 رنز پر نعمان کا شکار بنے اور پھر نعمان نے جلد ہی مینڈس اور دنیش چندیمل کو بھی واپس پویلین واپس بھجوا دیا۔
دھننجایا ڈی سلوا نے کریز پر اپنے مختصر قیام میں میتھیوز کے ساتھ مل کر مزاحمت کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ڈی سلوا صرف دس رنز بنا کر لانگ آن پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 166 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ش ر / م م (اے ایف پی، او پی ٹی اے)