1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان، ٹرین پر بم حملے میں ہلاکتیں

زبیر بشیر21 اکتوبر 2013

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ریلوے ٹریک پر ایک بم دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی۔ اس واقعے میں کم از کم چھ افرد ہلاک اور 17 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1A30k
تصویر: DW/Raffat Saeed

خبر رساں اے ایف پی کے مطابق دھماکے کی جگہ پر امدادی کام جاری ہے۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام ہلاک شدگان مرد ہیں جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ بم ٹرین کی پٹڑی پر نصب کیا گیا تھا۔ جب یہ ریل گاڑی نصیر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو یہ بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ ایک انٹیلیجنس افسر کے مطابق دھماکے کی جگہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بم کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

Karte Baluchistan englisch Flash-Galerie
بلوچستان ایک طویل عرصے سے مسلح شورش کا شکار ہے

ضلع نصیر آباد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے جنوب مشرق میں 250 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ یہ علاقہ ایک طویل عرصے سے بد امنی کا شکار ہے۔

صوبائی سیکرٹری داخلہ اسد گیلانی کے مطابق، ’’یہ ایک بم دھماکہ تھا، جس کا نشانہ مسافر ٹرین تھی۔ اس حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ مقامی انتظامیہ کے ایک اور اعلیٰ افسر ظفر شاہ بخاری نے بھی ہلاکتوں اور بم حملے کی تصدیق کی ہے۔

ظفر بخاری کے مطابق یہ ٹرین راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔ امدادی کاموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا، ’’زخمیوں اور ہلاک شد گان کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے چھ افراد کی حالت خطرناک ہے۔‘‘ ظفر بخاری کے مطابق بم دھماکے کی وجہ سے ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔

Feuer in Indisch-Pakistanischer Zugverbindung
یہ ٹرین راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھیتصویر: AP

مقامی ریلوے کے ایک سینئر اہلکار فیض بگٹی کے مطابق علاقے میں ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ بم دھماکے سے ریلوے ٹریک بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ان کے مطابق ریل گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کرنے میں گھنٹوں لگ سکتے ہیں۔

تاحال کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے البتہ ماضی میں بلوچ ریپبلیکن آرمی اس طرح کے حملوں کی ذمے داری قبول کرتی رہی ہے۔

پاکستان میں رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں مسلح علیحدگی پسند سن 2004ء سے سرگرم ہیں۔ ان لوگوں کا مطالبہ یہ ہے کہ انہیں سیاسی خودمختاری اور صوبے کے قدرتی وسائل میں بڑا حصہ ملنا چاہیے۔