پاکستان ورلڈ کپ اسکواڈ: اعظم خان اِن، سرفراز احمد آؤٹ
6 ستمبر 2021پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء کے لیے پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، وکٹ کیپر محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی یقینی سلیکشن کے علاوہ محمد حسنین، حارث روؤف، اعظم خان، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، آصف علی، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریزرو کھلاڑیوں میں شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور فخر زمان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
شعیب ملک نظرانداز اور سرفراز احمد ڈراپ
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو کافی عرصے سے بالخصوص مڈل آرڈر میں مسائل کا سامنا رہا ہے۔ اس کے باوجود تجربہ کار کھلاڑی اور سابق کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک پندرہ رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔
مصباح الحق کی جانب سے سن 2019 میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے پاکستان نے سترہ مختلف کھلاڑی مڈل آرڈر یعنی چوتھے، پانچوے اور چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آزمائے، لیکن کوئی بھی بلے باز مستقل مزاجی سے خاطر خواہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ اسی وجہ سے انتالیس سالہ شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی کے حق میں آوازیں بلند کی جارہی تھیں تاہم چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اِن دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کی جگہ 'ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ‘ کو ترجیح دی ہے۔ محمد وسیم کے مطابق ورلڈ کپ میں پاکستان کی حریف ٹیموں اور گراؤنڈ کنڈیشنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
آصف علی، خوشدل شاہ اور اعظم خان ٹیم کا حصہ
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان کی ٹیم کی شمولیت پر سوشل میڈیا پر کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹ سلیم خلیق نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اعظم خان کو بطور ریزرو وکٹ کیپر سلیکٹ کرنا غلطی ثابت ہوگی۔ شعیب ملک اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ فخر زمان کو اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ کے ماہرین ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین آصف علی کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے بھی حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔
سترہ اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان کے ساتھ گروپ ٹو میں بھارت، افغانستان، نیوزی لینڈ اور دیگر دو کوالیفائنگ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ پاکستان اپنا پہلا میچ چوبیس اکتوبر کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔