پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز، آسٹریلوی ٹیم میں 5 نئے کھلاڑی
11 ستمبر 2018پاکستان کے خلاف آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں پانچ ایسے نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، جو پہلی مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے علاوہ محدود اوورز کے میچوں میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ایرن فنچ کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ تجربہ کار تیز بالر پیٹر سِڈل کو دو برس بعد طلب کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ برس جنوبی افریقی دورے کے دوران بال ٹیمپرنگ کے ایک بڑے اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس اسکینڈل کی وجہ سے اُس وقت کی ٹیم کے کپتال اسٹیو اسمتھ، افتتاحی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل تیز بالروں جوش ہیزل ووڈ اور پَیٹ کمنز کو انجریز کی وجہ سے عملی کرکٹ سے باہر ہونا پڑا۔ اس صورت حال میں جو نئی ٹیم منتخب کی گئی ہے، اس میں پرانے اور نئے کھلاڑی شامل ہیں۔ ایرن فنچ پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی ٹیم کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ اُن کے ساتھ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے مائیکل نیزر اور آل راؤنڈر مارنوس لابوس شین کو منتخب کیا گیا ہے۔
اسی طرح تیز بالروں کی صف میں تجربہ کار پیٹر سِڈل کو دو برس کے بعد ٹیم کا رکن بنایا گیا ہے۔ ان کے علاوہ اِن فارم میچل اسٹارک کو موجودہ ٹیم میں شامل فاسٹ بالروں کے گروپ کا سرخیل قرار دیا گیا ہے۔ ایک نئے بالر برینڈن ڈوگیٹ خاص طور پر نمایاں ہیں۔ چیف سیلیکٹر ٹریور ہون کا کہنا ہے کہ برینڈن ڈوگیٹ کے اندر ایک بڑے بالر کا آثار موجود ہیں اور وہ اگلے برسوں میں ٹیم کا سرمایہ بن سکتے ہیں۔ ایک اور کھلاڑی ٹریور ہِیڈ ہیں جو پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ سات اکتوبر سے دبئی میں شروع ہو گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ سولہ اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم
آیرن فنچ، میٹ رین شا، برینڈن ڈوگیٹ، مائیکل نیزر، عثمان خواجہ، شان مارش، میچل مارش، ٹِم پین(وکٹ کیپر اور کپتان)، ٹریوس ہِیڈ، مارنوس لابوس شین، نیتھن لیون، جون ہالینڈ، ایشٹن ایگر، میچل اسٹارک، پیٹر سِڈل۔
ع ح ⁄ ع الف ⁄ روئٹرز