پاکستان کے چیلنجز سے آگاہ ہیں، جرمنی
9 جنوری 2011جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے ہفتہ کو اسلام آباد پہنچے پر اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد دفتر خارجہ میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گیڈو ویسٹر ویلے نے کہا کہ جرمنی پاکستان کو درپیش اہم اقتصادی و سیاسی چیلنجز سے آگاہ ہے اور اسی لیے وہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
جرمن وزیر خارجہ نے پاکستانی صوبہ پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک بھیانک واردات قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی جلد ہی سٹریٹجک ڈائیلاگ شروع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی نے پاکستان کے متاثرینِ سیلاب کی بحالی کے لیے تین سو ملین ڈالر کی جو امداد دی ہے، اس میں سے دو دس ملین ڈالر جرمن شہریوں نے بھجوائے ہیں، جو پاکستان اور جرمنی کے قریبی تعلقات کی مثال ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی دلوانے کےعلاوہ اقتصادیات کے دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’ہم نے پاکستان میں سرمایہ کاری اوردونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے، اس مقصد کے لیے خاص طور ہم نے دو شعبوں، توانائی اور زراعت میں تعاون پر بات چیت کی ہے۔‘
گیڈو ویسٹر ویلے اتوار کو پاکستان کی اہم سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ پاکستانی سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے متاثرین کے کسی کیمپ کا بھی دورہ کریں گے۔
رپورٹ: شکورحیم، اسلام آباد
ادارت: ندیم گِل