پاکستان ہار گیا، پہلا ٹی ٹونٹی نیوزی لینڈ کے نام
26 دسمبر 2010آک لینڈ شہر میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان راس ٹیلر نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور احمد شہزاد نے پاکستانی ٹیم کا سکور چھٹے اوور میں تقریباً ساٹھ تک پہنچا دیا لیکن بعد میں پاکستانی ٹیم کا حیران کن فال دیکھا گیا۔ محض چھبیس رنز کے اضافے کے ساتھ پاکستان کی مزید پانچ وکٹیں گر گئیں۔ نیوزی لینڈ کے بالر Southee نے پانچ گیندوں میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پاکستانی ٹیم کو حیران و پریشان کر دیا۔
بعد میں عمر گل اور وہاب ریاض کے تیس تیس اسکور نے ٹیم کا مجموعی اسکور نو وکٹوں کے نقصان پر 143 تک پہنچا دیا۔
جواباً نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے دھواں دھار انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا۔ مارک گپٹل نے پاکستانی بالروں پر کوئی رحم نہیں کیا۔ ان کی نصف سینچری میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ اُنہوں نے تمام پاکستانی بالروں کو چھکوں اور چوکوں سے نوازا۔ گپٹل 53 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ بعد میں راس ٹیلر اور فرینکلن نے ٹارگٹ کو مزید آسان کر دیا۔ کپتان راس ٹیلر نے ناٹ آؤٹ 39 رنز بنائے۔ وہ ان دنوں کیویز کے انتہائی ذمہ دار بلے باز تصور ہوتے ہیں۔
مجموعی طوہر پر پاکستانی ٹیم کا کھیل متوازن نہیں قرار دیا جا سکتا۔ کھلاڑی کسی جلدی میں دکھائی دیتے تھے۔ دوسری جانب بھارت اور بنگلہ دیش سے ہارنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جیت کی شدید طلب محسوس کی گئی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنے نیوزی لینڈ کے موجودہ دورے میں دو مزید ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ اگلا میچ پرسوں ہملٹن شہر میں کھیلا جائے گا اور تیسرا تیس دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں شیڈیول ہے۔ ان کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عابد حسین