1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک افغان سرحد پر بم دھماکہ، 20 پاکستانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک

27 اگست 2009

پاک افغان سرحد طورخم پر خاصہ دار فورسز پر خود کش حملے میں 20 اہلکار ہلاک جبکہ 20سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے لنڈی کوتل ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JJcZ
تصویر: AP

زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ طارق حیات خان کا کہنا ہے کہ ’’یہ دھماکہ ایسے وقت کیا گیا، جب خاصہ دار فورسز کے جوان افطاری کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ اِسی دوران ایک خودکش حملہ آور نے خاصہ دار فورس کی بیرک کے اندر داخل ہوتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں ابتدائی طور پر خاصہ دار فورس کے 20 جوان ہلاک جبکہ 20 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

2 Waziristan.jpg
دھماکے کے بعد ایک سیکیورٹی اہلکار چوکنّا کھڑا ہےتصویر: dpa

پولیٹیکل حکام نے اِس واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ خود کش حملہ آور سرحد پار(افغانستان) سے آیا تھا یا پھر آیا وہ مقامی باشندہ تھا۔

دھماکے سے خاصہ دار فورس کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل افغانستان میں ہونے والے انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد تین دن کیلئے بند کیا گیا تھا۔

رپورٹ: فرید ا للہ خان

ادارت: امجد علی