1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک افغان صدور کی کابل میں بات چیت

19 جولائی 2011

پاکستانی صدر زرداری نے اپنے افغان ہم منصب کرزئی سے منگل کے روز کابل میں ملاقات کی، جس میں پاکستانی صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف زرداری نے حامدکرزئی سے ان کے بھائی احمد ولی کرزئی کی موت پر تعزیت بھی کی۔

https://p.dw.com/p/11zke
پاکستانی صدر زرداریتصویر: Abdul Sabooh

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج کا انخلاء شروع ہونے کے بعد صدر زرداری کا یہ کابل کا پہلا دورہ تھا۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں کوشش کر رہی ہیں کہ وہ امریکی انخلاء کے موقع پر ایک مشترکہ حکمت عملی بنا کر مستقبل کے حوالے سے امریکہ سے اپنے مطالبات منوائیں۔ تاہم دفاعی تجزیہ نگار اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اس بات کا احساس ہے کہ اس نے پہلے ہی افغانستان سے نکلنے میں بہت تاخیر کر دی ہے۔ ’’لہٰذا امریکی انتظامیہ وہی حکمت عملی اختیار کرے گی، جو اس کے اپنے مفاد میں ہے۔‘‘

Hamid Karsai bei Treffen in Istanbul
افغان صدر کرزئیتصویر: picture-alliance/ dpa

حمید گل کا کہنا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز میں مبینہ کرپشن کے سبب یہ مسلح دستے اس قابل نہیں کہ اپنے ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔ انہوں نے کہا، ’’کرزئی کے فوجیوں کے پاس کوئی نظریاتی طاقت نہیں ہے۔ یہ نظام پہلے ہی طالبان نے سنبھال لیا ہے۔ بامیان ایک مختلف علاقہ ہے کیونکہ وہاں ہزارہ اور شیعہ آبادی رہتی ہے اور پہلے بھی وہاں زیادہ فوجی موجودگی نہیں تھی۔ افغان فوج اور پولیس میں طالبان کو بہت رسائی حاصل ہو چکی ہے۔‘‘

دوسری جانب تجزیہ نگار سلیم صافی کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور امریکہ کے باہمی کشیدہ تعلقات نے افغان مسئلے کو اور بھی پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’افغان صدر کہہ رہے ہیں کہ طاقت کا استعمال یا مستقبل میں بھی 2014ء کے بعد امریکیوں کی افغانستان میں موجودگی سے متعلق واشنگٹن کا اصرار طالبان کے ساتھ کرزئی کی مفاہمت کے عمل کو غیر مؤثر بنا رہا ہے اور یہی معاملہ پاکستان کا بھی ہے۔ تو یہ بڑا سنگین اختلاف چل رہا ہے اور اس کی وجہ سے تینوں فریقوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور اس کا فائدہ طالبان اور القاعدہ جیسی قوتیں اٹھا رہی ہیں۔‘‘

صدر آصف زرداری کو ایک روزہ دورے کے بعد آج ہی افغانستان سے وطن واپس لوٹنا تھا۔ کل بدھ کے روز وہ سعودی عرب کا دو روزہ دورہ شروع کریں گے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں