پرتگال کا مالی بحران : برطانیہ براہ راست مدد نہیں کرے گا
9 اپریل 2011برطانوی وزیر خزانہ جارج اوسبورن نے کہا ہے کہ پرتگال حکومت نے یورپی یونین سے ہنگامی مالی امداد کی اپیل کی جس پر لزبن کو تقریبا اسی بلین یورو یا ایک سو پندرہ بلین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد مہیا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ لندن حکومت کی طرف سے لزبن کو دو طرفہ بنیادوں پر قرضہ نہیں دیا جائے گا۔ ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ میں یورپی یونین کے وزراء خزانہ کے ایک اجلاس کے بعد برطانوی وزیر مالیات نے کہا ،’’لندن حکومت نے یورپی ملکوں پر واضح کر دیا ہے کہ آئرلینڈ کا معاملہ مختلف تھا تاہم برطانیہ پرتگال کو دو طرفہ بنیادوں پر کوئی ہنگامی قرضہ نہیں دے گا برطانوی ٹیکس دہندگان کی ادا کردہ رقوم پرتگال کو براہ راست قرضوں کے طور پر مہیا نہیں کی جائیں گی۔‘‘
اس موقع پر برطانوی وزیر خزانہ نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ لندن حکومت کو ملک کے سالانہ بجٹ میں بے تحاشا خسارے پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
جارج اوسبورن یہ وضاحت کرنے پر اس لیے مجبور ہو گئے ہیں کہ برطانیہ کے بجٹ میں بےتحاشا خسارہ وہاں قدامت پرستوں اور لبرل ڈیموکریٹس کی مخلوط حکومت اور اپوزیشن کی لیبر پارٹی کے درمیان شدید تنازعے کی وجہ بھی بنا ہوا ہے۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: شادی خان سیف