پلاسٹک کی حیرت انگیز گیندیں اور خشک سالی دُور؟
انسان کے پاس بس سوچ ہونی چاہیے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس خشک سالی کے خاتمے کے لیے پلاسٹک کی کروڑوں گیندیں استعمال کر رہا ہے۔ بظاہر یہ محض کوئی کرتب لگتا ہے لیکن معاملہ سنجیدہ ہے اور یہ طریقہ مؤثر بھی۔
ڈھانپنے کا غیر معمولی طریقہ
پلاسٹک کی یہ گیندیں تعداد میں واقعی بہت زیادہ ہیں، درحقیقت پوری نو کروڑ اور ساٹھ لاکھ۔ اب یہ گیندیں لاس اینجلس شہر کے مرکز سے تقریباً چالیس کلومیٹر کی دوری پر واقع Sylmar آبی ذخیرے میں پھینکی گئیں۔ یہ گیندیں اتنی زیادہ تھیں کہ انہوں نے ستّر ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے آبی ذخیرے کو مکمل طور پر ڈھانپ لیا۔
گیندیں چھوڑ دو!
لیکن یہ سارا کام پلک جھپکنے میں مکمل نہیں ہوا بلکہ اس میں کئی مہینے لگ گئے۔ عام طور پر ایسا ہوتا رہا ہے کہ پہاڑوں پر برف پگھلنے سے سال کے اوائل میں لاس اینجلس کے آبی ذخائر میں وافر مقدار میں پانی جمع ہو جاتا تھا۔ اب چونکہ برف کم پڑنے لگی ہے، اس لیے آبی ذخائر بڑی حد تک خالی ہی ہیں۔
خاص قسم کی گیندیں
لاس اینجلس اب اُن امریکی شہروں میں سے ایسا پہلا شہر بن گیا ہے، جنہوں نے پانی بچانے کے لیے یہ غیر معمولی طریقہ اختیار کیا ہے۔ ان گیندوں کو ’شیڈ بالز‘ یا ’سایہ کرنے والی گیندیں‘ کہا جاتا ہے۔ ہر گیند ایک سیب کے سائز جتنی ہے اور اندر سے خالی ہے۔ یہ گیندیں پانی کو ڈھانپ لیتی ہیں اور یوں اُسے نہ صرف بخارات بن کر اڑ جانے سے بچاتی ہیں بلکہ ناپسندیدہ کیمیائی عوامل کو بھی وقوع پذیر ہونے سے روکتی ہیں۔
دھوپ سے حفاظت
ہوتا یہ ہے کہ پانی میں موجود قدرتی کیمیائی عنصر برومائیڈ مسلسل دھوپ پڑنے سے کینسر کا باعث بننے والے عنصر برومیٹ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ گیندیں جہاں ایک طرف شمسی شعاعوں کو اپنے اندر جذب کرتی ہیں، وہیں وہ آبی ذخائر کو خشک ہونے سے بچاتی ہیں۔ مزید برآں پانی میں کلورین ملائی جاتی ہے تاکہ بیکٹیریا ختم کیے جا سکیں۔
حوصلے اور ہمت والی سوچ
جب آخری بیس ہزار گینیں پانی میں ڈالی گئیں تو اس موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں لاس اینجلس کے میئر ایرک گارسیٹی بنفسِ نفیس موجود تھے۔ اُنہوں نے اس موقع پر کہا:’’کیلیفورنیا کی تاریخ کی اتنی بڑی خشک سالی کے ہوتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی حفاظت کے لیے جرأت مندانہ خیالات اور تصورات کی ضرورت ہے۔‘‘
ایک اچھے مستقبل کی نوید؟
اتنی زیادہ گینیں پانی میں ڈالنے کے اس بڑے منصوبے پر 34.5 ملین ڈالر لاگت آئی ہے لیکن یہ گیندیں تقریباً دَس سال تک کام آ سکتی ہیں۔ گارسیٹی کا اندازہ ہے کہ اس منصوبے کی وجہ سے تین سو ملین ڈالر کی بچت کی جا سکی ہے۔ دریں اثناء لاس اینجلس اپنے پانی کے استعمال میں بھی تیرہ فیصد تک کی کمی کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔