1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پلے بوائے کا ’بابا‘ پھر سے شادی کرے گا

27 دسمبر 2010

امریکی میگزین پلے بوائے کے 84 سالہ بانی ہیو ہیفنر نے اپنی جواں سالہ گرل فرینڈ کرسٹل ہیرس سے شادی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے کرسمس کے موقع پر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام چھوڑا ہے۔

https://p.dw.com/p/zq28
ہیو ہیفنر پلے بوائے کی ماڈلز کے ساتھتصویر: AP

24 سالہ کرسٹل ہیرس پلے بوائے کی ماڈل رہ چکی ہے، یوں وہ ہیفنر سے 60 برس چھوٹی ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ہیفنر کے ساتھ ان کے تعلق کے چرچے عام ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ہیفنر نے کہا، ’جب میں نے کرسٹل کو انگھوٹھی دی، تو وہ خوشی کے مارے رو پڑی۔ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے، یہ میری زندگی کا سب سے اچھا کرسمس ہے‘۔

انہوں نے بعدازاں ٹوئٹر پر ایک اور بیان دیا، جس کا مقصد انگھوٹھی دیے جانے کے بارے میں کسی بھی طرح کی غلط فہمی کی وضاحت کرنا تھا۔ نئے پیغام میں انہوں نے لکھا، ’ہاں، میں نے کرسٹل کو جو انگھوٹھی دی ہے، وہ منگنی ہی کی ہے‘۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق خوبصورت کرسٹل نے ہیفنر کے اعلان کی واضح طور پر تصدیق تو نہیں کی ہے، لیکن انہوں نے ٹوئٹر پر ہیفنر کے پیغامات کو دہرایا ہے۔ انہوں نے اس کرسمس کو یادگار ترین قرار دیا ہے۔

Marilyn Monroe auf dem ersten Playboy Magazin
1953ء میں شائع ہونے والے پلے بوائے کے پہلے شمارے کا سرِورقتصویر: AP

ہیو ہیفنر نے 1953ء میں پلے بوائے میگزین کی بنیاد رکھی تھی جبکہ کرسٹل ہیرس نے گزشتہ برس دسمبر کے لئے اس کے شمارے میں ماڈلنگ کی تھی۔ وہ اس شمارے کے لئے ’پلے میٹ آف دی منتھ’ تھیں۔

ہیفنر شکاگو میں پیدا ہوئے۔ وہ پہلے ہی دو مرتبہ شادی کر چکے ہیں۔ انہوں نے پہلی شادی 1949ء میں ملڈرڈ ولیمز سے کی تھی۔ اس وقت ہیفنر کی عمر 23 برس تھی۔ انہوں نے دوسری شادی 1989ء میں پلے بوائے ہی کی ایک ماڈل کمبرلی کونراڈ سے کی۔ ان دونوں شادیوں سے ان کے چار بچے ہیں۔

پلے بوائے میگزین کے قیام سے لے کر حالیہ برسوں تک وہ اپنی درجنوں ماڈلز کے ساتھ تعلقات کو تسلیم کر چکے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق ہیفنر یوں تو ریٹائرمنٹ کی عمر سے بھی آگے نکل چکے ہیں، لیکن وہ ابھی تک پلے بوائے میگزین کے سربراہ ہیں اور اس کی اشاعت میں سرگرم کردار ادا کرتے ہیں، چاہے اس کے سرِوَرق کے انتخاب کا معاملہ ہو یا ماڈل کا۔ ان کی بیٹی کرسٹی میگزین کے کاروباری امور سنبھالے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امجد علی