1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ کو ٹاکلوبان میں انتہائی شدید موسم کا سامنا

عابد حسین17 جنوری 2015

پوپ فرانسِس آج کل مشرقِ بعید کے ملک فلپائن کے دورے پر ہیں۔ وہ آج سمندری طوفان ہیان سے متاثرہ علاقے ٹاکلوبان گئے مگر شدید طوفان کی وجہ سے انہیں دورہ مختصر کر کے منیلا لوٹنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/1EM0m
ٹاکلوبان میں پوپ فرانسِستصویر: Reuters

پوپ فرانسِس جب حسبِ وعدہ مشرقی فلپائن کے مقام ٹاکلوبان پہنچے تو اُس وقت انتہائی تیز ہوا چل رہی تھی۔ وہ بارش سے بچنے کے لیے پلاسٹک کا شفاف پونچو بھی پہنے ہوئے تھے۔ پوپ کی آمد کے وقت ہوا کی رفتار 130کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ تیزا ہوا پوپ کے سر پر جمی ٹوپی بھی اڑا لے گئی اور اُن کا جُبہ نما لباس بھی ہوا میں بار بار اڑتا دکھائی دے رہا تھا۔ ہوائی اڈے کے نزدیک ہی اُن کی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اور پوپ نے پہلے سے تیار اور لکھی ہوئی تقریر کو چھوڑ کر فی البدیہہ انتہائی جذباتی خطاب کیا۔ ٹاکلوبان کا شہر چودہ ماہ قبل شدید سمندری طوفان ہیان کی لپیٹ میں آ گیا تھا اور کم از کم چھ ہزار 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پوپ نے لوگوں کو بتایا کہ جب نومبر سن 2013 میں طوفان آیا تھا تو اُس وقت انہوں نے سوچا تھا کہ کاش وہ طوفان کے دوران ٹاکلوبان میں ہوتے اور پریشان حال لوگوں کی مدد کے عمل کا حصہ ہوتے لیکن اب دیر ہو گئی ہے لیکن یہاں آپ کے پاس پہنچا ضرور ہوں۔ پوپ کی تقریر ایک مترجم کی مدد سے لوگوں تک پہنچائی گئی۔ وہ اپنی مادری زبان ہسپانوی میں تقریر کر رہے تھے اور اِسے انگریزی میں ترجمہ کیا گیا۔ اپنی تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اُن لوگوں کے احساسات کا احترام کرتے ہیں جو طوفان کی تباہ کاریوں کی وجہ سے یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ خدا نے انہیں تنہا چھوڑ دیا تھا۔ پوپ نے یہ تلقین بھی کی کہ یہ لوگ اپنے عقیدے پر کاربند رہتے ہوئے آگے بڑھیں۔

Papst in Tacloban (Phillipinen)
ٹاکلوبان کے ہوائی اڈے کے قریب پوپ ایک دعائیہ تقریب میں شریک ہیںتصویر: Reuters

پوپ نے اِس ہجوم سے جذباتی انداز میں کہا کہ آپ میں سے بےشمار ایسے ہیں جن کا سب کچھ اِس طوفان کی نذر ہو گیا تھا لیکن اب بھی اُن کے دِلوں میں خداوند موجود ہے اور کیا خبر آپ کو تسلی و تشفی کے لیے خداوند کیسے کیسے احساسات و خیالات پیدا کرتا ہو گا۔ اپنے خطاب میں پوپ نے تمام حاضرین سے کہا کہ وہ تمام ہلاک شدگان کے لیے خاموشی اختیار کر کے دعا کے ساتھ ساتھ انہیں یاد کریں۔ پوپ فرانسِس نے اُن تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے طوفان ہیان کے دوران امدادی کاررائیوں میں شرکت کی تھی۔

پوپ کی تقریر سننے کے لیے ایک بڑا ہجوم ہوائی اڈے کے باہر سڑکوں کے علاوہ کچے راستوں کے علاوہ قریبی کھیتوں میں کھڑے پانی اور کیچڑ میں جمع تھا۔ خراب موسم بھی پوپ کی ایک جھلک دیکھنے کی تمنا کو متزلزل نہیں کر سکا ۔ اسی شہر کے نصف ایکڑ علاقے میں تین ہزار ہلاک ہونے والوں کو دفن کیا گیا تھا اور کئی نعشوں کی تدفین کی اجتماعی تقریب ہوئی اور انہیں گڑھوں میں ڈال دیا گیا تھا۔ موسم کی ممکنہ خراب صورتحال کی وجہ سے مختلف تقریبات کو ایک ہی مقام پر منتقل کر دیا گیا تا کہ وہ جلد از جلد بخیریت منیلا لوٹ سکیں۔ پوپ کا دورہ مقررہ وقت سے چار گھنٹے قبل ختم کر دیا گیا۔