پیئر اشٹائن برُوک سیاست سے کنارہ کش
28 ستمبر 2013جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے 22 ستمبر کے پارلیمانی انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی اپوزیشن جماعت ایس پی ڈی (SPD) کو مسلسل تیسری مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔ ان انتخابات میں پیئر اشٹائن پرُوک چانسلر شپ کے امیدوار ہونے کے علاوہ پارٹی کے مرکزی قائدین میں سے ایک تھے۔ جمعے کے روز سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی میٹنگ کے دوران اشٹائن برُوک نے اپنی پارٹی کو مطلع کیا کہ وہ پارٹی کے تمام عہدوں اور ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ چھیاسٹھ سالہ جرمن سیاستدان نے اپنی پارٹی کے مرکزی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی کیریئر اپنے مناسب انجام کو پہنچ گیا ہے۔
پیئر اشٹائن برُوک نے ایسے موقع پر اپنی سیاسی جماعت کی لیڈر شپ گروپ سے علیحدگی اختیار کی ہے جب نئی حکومت سازی کے لیے پارٹی کے اندر کے یہ بحث جاری ہے کہ آیا ایک مرتبہ پھر انگیلا میرکل کے ساتھ مخلوط حکومت میں شامل ہوا جائے یا نہیں۔ پیئر اشٹائن برُوک جرمنی کے گنجان آباد صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔ انگیلا میرکل کے ساتھ سن 2005 کے بعد بننے والی مخلوط حکومت میں وہ وزارت خزانہ کے منصب پر فائز رہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق انتخابی مہم کے دوران کئی غلطیوں اور نازیبا حرکات و الفاظ نے ان کے امیج کو متاثر کیا تھا۔
جمعے ہی کے روز اشٹائن بروک کے مستعفی ہونے والے اجلاس کے دوران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے انگیلا میرکل کے ساتھ حکومت سازی کی بات چیت شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ انگیلا میرکل کو نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی یا گرینز میں سے کسی ایک کو اپنے ساتھ شامل کرنا ہو گا۔ بائیں بازو کی لیفٹ پارٹی نے میرکل حکومت میں شمولیت سے کُلی طور پر انکار کر دیا ہے۔ میٹگ کے بعد ایس پی ڈی کے سربراہ زیگمار گابریئل نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی جماعت سی ڈی یُو (CDU) کے ساتھ حکومت سازی کے مذاکرات شروع کرنے پر تیار ہے۔
جرمن دارالحکومت برلن میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے دو سو کے قریب ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس بند کمرے میں ہوا۔ بائیس ستمبر کے پارلیمانی الیکشن میں ایس پی ڈی نے 26 فیصد کے قریب ووٹ حاصل کیے تھے۔ دوسری جانب پبلک ٹیلی وژن زیڈ ڈی ایف کے ایک جائزے میں بتایا گیا کہ 58 فیصد عوام سی ڈی یو اور ایس پی ڈی کی مخلوط حکومت کے حامی ہیں۔ اسی رائے عامہ کے جائزے میں 32 فیصد عوام نے انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور ماحول دوست جماعت گرین پارٹی کے درمیان حکومت کو بہتر آپشن قرار دیا۔ نئی مخلوط حکومت میں شمولیت کے حوالے سے ایس پی ڈی نے برابری یا ففٹی ففٹی کی سطح پر ڈیل کو بات چیت کی کامیابی سے نتھی کیا ہے۔