1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل: کون سے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر آمادہ؟

19 مارچ 2018

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے آخری تین میچ کل سے پاکستان کے دو بڑے شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ سخت سکیورٹی میں پلے آف کے دو میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور پچیس مارچ کو فائنل معرکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

https://p.dw.com/p/2uasu
Pakistan National Cricket Stadium Pakistan Super League
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

رواں ہفتے منگل کی شب پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور دو مرتبہ پی ایس ایل فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈیئيٹرز کا آمنہ سامنا ہوگا۔ تاہم کوئٹہ گلیڈیئيڑز کی ٹیم میں کھیلنے والے اہم غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے برطانوی کرکٹر کیون پیٹرسن ایک مرتبہ پھر پاکستان جانے سے معذرت کرچکے ہیں۔ سابق برطانوی بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ کوئٹہ کی ٹیم کی جیت کے لیے پر امید ہیں لیکن ان کے اہلِ خانہ نے ان کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی۔

کھیلوں کی خبروں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق گلیڈيئیٹرز کی ٹیم کے آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں کوئٹہ کے لیے اننگز کا آغاز کرنے والے بلے باز شین واٹسن اپنی ٹیم کے لیے اہم ترین کھلاڑی تھے۔ اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے اس ٹورنمنٹ میں انہوں نے کوئٹہ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے۔

متحدہ عرب امارات سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ گلیڈیئيٹرز کی ٹیم میں سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا، بنگلادیشی کھلاڑی محمود اللہ ریاض کے ہمراہ بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑی کرس گرین پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کر چکے ہيں۔ کرس گرین نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے اپنے پہلے دورے کے لیے پرعزم ہیں۔ 

دوسری جانب دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کے ہمراہ  آندرے فلیچر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں شرکت کریں گے۔ تاہم ایک اور ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈیوائن سمتھ پاکستان آنے والے پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

Pakistan Premier League season 3
تصویر: Islamabad United

گزشتہ اتوار کی شب دبئی ميں کھیلے جانے والے پہلے پلے آف میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم کراچی کنگز بدھ کے روز لاہور میں ایک اور مرتبہ فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنی قسمت آزمائے گی۔ کراچی کنگز میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے صرف برطانوی کھلاڑی ایون مورگن پاکستان نہیں جائیں گے۔ تاہم برطانوی آل راؤنڈر روی بوپارا، جوزف لائن ڈینلی اور جنوبی افریقی کھلاڑی کولن انگرم پاکستان آنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔

پچیس مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل تھری کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی اسلام آباد یونائیٹد کی ٹیم میں جنوبی افریقی آل راؤنڈر جے پی ڈیومنی اور برطانوی آل راؤنڈر سمت پٹیل شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائٹڈ کے دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے ابھی تک پاکستان جانے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔