1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپئنز ليگ ميں سب سے زيادہ گول، اعزاز ليونل ميسی کے نام

عاصم سليم26 نومبر 2014

يورپی فٹ بال ٹورنامنٹ چيمپئنز ليگ کے ايک گروپ ميچ ميں تين گول اسکور کرتے ہوئے ہسپانوی کلب بارسلونا کے کھلاڑی ليونل ميسی نے اِس ٹورنامنٹ کی تاريخ ميں سب سے زيادہ گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DtkG
تصویر: picture-alliance/dpa

ابھی چار ہی روز قبل بارسلونا کے فارورڈ ليونل ميسی نے ہسپانوی ليگ ميں سب سے زيادہ گول اسکور کرنے کا ريکارڈ قائم کيا تھا تاہم ايسا لگتا ہے کہ اِس سے اُن کا دل نہيں بھرا تھا۔ گزشتہ روز APOEL Nicosia کے خلاف چيمپئنز ليگ کے ايک گروپ ميچ ميں اُنہوں نے ہيٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے يورپی کلبوں کے اِس اعلیٰ ترين ٹورنامنٹ ميں بھی اب سب ہی سے زيادہ گول کر ڈالے ہيں۔ چيمپئنز ليگ ميں ليونل ميسی کے مجموعی گولوں کی تعداد اب 74 ہے۔

قبرص کے شہر نکوسيا ميں منگل پچيس نومبر کی شب کھيلے گئے گروپ ايف کے اِس ميچ ميں بارسلونا کے ليے ميچ کا پہلا گول لوئی سواريز نے کھيل کے ستائيسويں منٹ ميں کيا۔ بعد ازاں ميسی نے 38 ویں، 58 ویں اور 87 ويں منٹ ميں گول کرتے ہوئے اپنی ٹيم کو صفر کے مقابلے ميں چار گول سے کاميابی دلوا دی۔ ميسی کی چيمپئنز ليگ ميں يہ پانچويں ہيٹ ٹرک تھی۔ بارسلونا کی ٹيم ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے پہلے ہی کواليفائی کر چکی ہے۔

کرسٹيانو رونالڈو نے بھی چيمپئنز ليگ ميں 70 گول کر رکھے ہيں
کرسٹيانو رونالڈو نے بھی چيمپئنز ليگ ميں 70 گول کر رکھے ہيںتصویر: picture-alliance/dpa

ليونل ميسی نے چيمپئنز ليگ کی تاريخ ميں سب سے زيادہ 74 گول اسکور کرنے کا يہ ريکارڈ اپنے 91 ويں ميچ ميں قائم کيا ہے۔ اس سے قبل چيمپئنز ليگ ميں سب سے زيادہ گول اسکور کرنے کا ريکارڈ ايک اور ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ اور جرمن کلب شالکے کے ليے کھيلنے والے راؤل گونزالز کے پاس تھا، جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے 142 ميچ کھيلتے ہوئے 71 گول اسکور کيے تھے۔ يہ امر اہم ہے کہ ريئل ميڈرڈ ہی کے ايک اور کھلاڑی کرسٹيانو رونالڈو نے بھی چيمپئنز ليگ ميں 70 گول کر رکھے ہيں۔ رونالڈو آج بروز بدھ بازل کے خلاف ايکشن ميں ہوں گے۔

ليونل ميسی کے اس سنگ ميل تک پہنچنے کے بعد بارسلونا کے کوچ لوئی اينريکے نے انہيں ’فٹ بال کی تاريخ کا سب سے اعلیٰ کھلاڑی‘ قرار ديا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ليونل ميسی فٹ بال کی تاريخ کے سب سے زبردست کھلاڑی ہيں اور يہ کھيل تمام کھيلوں کا بادشاہ کھيل ہے۔ ميسی آئندہ کافی عرصے تک شائقين کو حيران کرتے رہيں گے۔‘‘

چيمپئنز ليگ ميں منگل کی شب کھيلے گئے ايک اور اہم ميچ ميں برطانوی کلب مانچسٹر سٹی نے اپنی ميزبانی ميں کھيلے گئے ايک ميچ ميں جرمن کلب بائرن ميونخ کو دو کے مقابلے ميں تين گول سے شکست دے دی۔