1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چکن میک نگٹس میں انسانی دانت اور پلاسٹک کے ٹُکڑے

کشور مصطفیٰ7 جنوری 2015

میک ڈونلڈز فوڈ میں سے مختلف اقسام کی چیزیں نکلنے کے متعدد واقعات سامنے آتے رہے ہیں اور گزشتہ اگست میں ایک گاہک کے فرینچ فرائز میں سے ایک انسانی دانت برآمد ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/1EGKL
تصویر: Getty Images

میک ڈونلڈز جاپان نے اپنے گاہکوں سے معافی مانگتے ہوئے اپنی مصنوعات کی سیفٹی کا وعدہ کیا ہے۔ میک ڈونلڈز کی جاپانی شاخ ان اقدامات پر اس لیے مجبور ہوئی کہ حال ہی میں اس کی غذائی اجزا میں سے ایک دانت اور پلاسٹک کا ایک ٹکڑا برآمد ہوا ہے۔ میک ڈونلڈز کی مقبولیت میں کچھ عرصے سے بہت تیزی سے کمی آئی ہے۔ اس کی وجہ اس کے کھانوں کے معیار کا گرنا تو ہے ہی اس کے علاوہ اس فاسٹ فوڈ چین کے پاس فرینچ فرائیز کی شدید قلت بھی اس کی سیل میں تیزی سے کمی کا سبب بنی ہے۔

میک ڈونلڈز کی شاخوں کا 49.9 فیصد حصہ میک ڈونلڈز کارپوریشن کی ملکیت ہے۔ اس کارپوریشن کو ایک عرصے سے نقصان کا سامنا ہےاور یہ روز بروز کم ہوتی ہوئی اپنی سیل پر قابو پانے کی کوششیں گزشتہ برس موسم گرما میں اپنے کھانوں کے خراب معیار کے سامنے آنے والے اسکینڈلز سے بھی پہلے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

میک ڈونلڈز جاپان کی چیف ایگزیکٹیو سارہ کاسینووا نے گزشتہ مارچ میں اس رجحان کو پلٹنے کی کوشش کی تاہم اس کمپنی کو رواں برس مسلسل نقصان اور سیل میں کمی کے چھٹے سال کا سامنا ہے۔

Frau mit Bic Mac Hamburger
فاسٹ فوڈ کے شوقین افراد کے لیے لمحہ فکریہتصویر: AP

بُدھ کو میکڈونلڈز جاپان کی طرف سے معافی اُس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ویک اینڈ پر ایک ڈنر میں شامل چکن میک نگٹس میں سے قریب ڈیڑھ انچ کا ایک وینائل کا ٹکڑا نکلا۔ تھائی لینڈ کے ایک پلانٹ میں تیار ہونے والے چکن نگٹس کو اُسی دن تیار کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد میک ڈونلڈز چین نے میک نگٹس کی سیل کو فوری طور پر روک دیا تھا۔

میک ڈونلڈز فوڈ میں سے مختلف اقسام کی چیزیں نکلنے کے متعدد واقعات سامنے آتے رہے ہیں اور گزشتہ اگست میں ایک گاہک کے فرینچ فرائز میں سے ایک انسانی دانت برآمد ہوا تھا۔ اس کے علاوہ ابھی دسمبر میں ایک بچے کا مُنہ پلاسٹک کے ُاس ٹُکڑے سے زخمی ہو گیا تھا، جو اُس کی چاکلیٹ آئس کریم سے نکلا تھا۔ حکام ان ناخوشگوار واقعات کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

Russland Einzelhandel McDonald's in Moskau
میک ڈونلڈز چین تیزی سے اپنی مقبولیت کھو چُکا ہےتصویر: RIA Novosti

صحافیوں سے کھچا کھچ بھرے کانفرنس حال میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میک ڈونلڈز کے اعلیٰ اہلکاروں نے صارفین یا گاہکوں سے وعدہ کیا کہ آئندہ میک ڈونلڈ فوڈ کی سیفٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

جاپان کی میک ڈونلڈز ہولڈنگ کمپنی کے سینیئر نائب صدر تاکی ہیکو آؤکی کا اس بارے میں کہنا تھا، " میں اس بارے میں پُر اعتماد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میری فیملی میک ڈونلڈ فوڈ کھا سکتی ہے" ۔ تاکی ہیکو آؤکی سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا اُن کی کمپنی نے اپنے فوڈ کے خراب معیار کی نشاندہی اور اُس میں سے برآمد ہونے والی اشیاء کے بارے میں بیان دینے میں تاخیر سے کام نہیں لیا؟ تو اُن کا کہنا تھا،" میرا خیال ہے ان شکایات کا جواب ہم نے مناسب انداز میں دیا ہے"۔ ہیکو آتکی نے مزید کہا کہ ان اسکینڈلز میں شامل ہر کیس دوسرے سے مختلف ہے اس لیے اُس کے سد باب کا طریقہ کار بھی مختلف رہا ہے۔