1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کا فائنل کون جیتے گا؟ نیمار یا لیونڈوفسکی

23 اگست 2020

دنیائے فٹ بال کے مہنگا ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کا فائنل اتوار 23 اگست کی شب بائرن میونخ اور پیرس سینٹ جرمین کی ٹیموں کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔ جرمن کلب بائرن میونخ کی ٹیم ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

https://p.dw.com/p/3hMbs
Paris Saint-Germain Neymar Kylian Mbappe
تصویر: Getty Images/AFP/F. FIfe

پرتگالی دارالحکومت لزبن میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گا۔ اگر میونخ کی ٹیم کو کامیابی ملتی ہے تو وہ ایک نئی تاریخ رقم کر دے گی۔ اب تک کوئی بھی جرمن کلب چھ مرتبہ یہ ٹائٹل نہیں جیت سکا۔

بائرن میونخ کی ٹیم اس مقابلے میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ اس نے دس میچوں میں مسلسل کامیابی حاصل کی ہے۔ اگر وہ فائنل میچ میں بھی حریف ٹیم کو شکست دینے میں کامیاب رہی تو یہ بھی ایک ریکارڈ بن جائے گا۔ ان مقابلوں میں آج تک کوئی بھی ٹیم لگاتار گیارہ میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔

بائرن میونخ اپنے گزشتہ انتیس میچوں میں ناقابل شکست ثابت ہوئی ہے۔ اس دوران اس جرمن کلب کی ٹیم نے چورانوے گول اسکور کیے۔ اس جرمن کلب کی طرف سے ٹاپ اسکورر پولش کھلاڑی رابرٹ لیونڈوفسکی ہیں، جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک پندرہ گول کیے ہیں۔

Champions League | Halbfinale | Lyon vs. Bayern München - Robert Lewandowski
جرمن کلب کی طرف سے پندرہ گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر پولش کھلاڑی رابرٹ لیونڈوفسکی ہیں تصویر: AFP/F. Fife

کوارٹر فائنل میں مایہ ناز ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے خلاف میچ میں میونخ کے اسٹرائیکر لیونڈوفسکی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ میونخ نے یہ میچ دو کے مقابلے میں آٹھ گول سے اپنے نام کیا تھا۔

اس مرتبہ اس جرمن کلب کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم پیرس کی ٹیم اسے سخت مقابلہ دینے کی اہل تصور کی جا رہی ہے۔ بالخصوص پیرس کا دفاع انتہائی مضبوط ہے، جس میں کپتان اور سینٹر بیک تھیاگو سلوا ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ برازیلین اسٹار سلوا کا ممکنہ طور پر پیرس کے لیے یہ آخری میچ ہو گا۔

پیرس کی ٹیم کا اٹیک بھی مضبوط ہے، جس میں برازیلین اسٹار نیمار جونیئر، کلیان ام ماپے اور ارجنٹائن کے اینجلو ڈی ماریا نمایاں ہیں۔ میچ سے قبل فرانسیسی اسٹار اور نوجوان کھلاڑی ام ماپے نے کہا، ''میں نے ہمیشہ ہی کہا ہے کہ میں اپنے ملک کے لیے تاریخ رقم کرنا چاہتا ہوں اور آج میرے پاس موقع ہے۔‘‘

پیرس سینٹ جرمین پہلی مرتبہ چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل فرانس کا صرف ایک ہی کلب اس اہم یورپی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو سکا ہے۔ سن 1993 میں اولمپیک مارسیلا نے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لزبن کے اسٹاڈیو ڈا لوئز میں ہونے والے فائنل میچ میں تماشائی موجود نہیں ہوں گے۔ اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے نہ صرف اس میچ بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

ع ب / م م / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں