1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیر اعظم یورپ کے دورے پر

24 جون 2011

چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤ آج یورپ کا دورہ کر رہے ہیں، جس میں وہ ہنگری، برطانیہ اور جرمنی میں حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/11iTr
وین جیاباؤ جرمنی کا دور بھی کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

چینی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وین جیاباؤ کا یورپ کا پانچ روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یونان میں جاری مالیاتی بحران کے حوالے سے چین کو تشویش لاحق ہے، اور یہ کہ چینی اقتصادیات کے یورپ کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ چین یہ چاہتا ہے کہ یورپ اس بحران کا فوری حل تلاش کرے کیوں کہ اس کے تین ٹرلین ڈالر کے فارن ریزروز یورپ میں لگے ہوئے ہیں۔

ماہرین اقتصادیات کے مطابق وزیر اعظم وین جیاباؤ کا دورہ اس بات کو ثابت کرنے کی کوشش ہےکہ چین کو یورپ پہ اعتماد ہے۔ اس کے ذریعے چین یہ بھی اندازہ لگانا چاہتا ہہ کہ صورت حال کتنی سنجیدہ ہے۔ مستقبل میں یورپ میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق چینی پالیسی سازوں کے لیے بھی یہ دورہ انتہائی اہم ہے۔

Griechenland Krise Finanzkrise Kommunistische Partei Protest Demonstration Athen
چینی حکومت کو یونان کی صورت حال پر تشویش ہےتصویر: AP

دوسری جانب وین جیاباؤ کے دورے سے قبل چینی حکام نےکمیونسٹ حکومت کے مشہور ناقد، فنکار اور فلسفی آئی وے وے کو تین ماہ زیر حراست رکھنے کے بعد رہا کردیا۔ تاہم چینی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ آئی وے وے بیجنگ سے باہر نہیں جا سکتے۔ برطانیہ اور جرمنی میں بالخصوص آئی وے وے کو بڑی قدر سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی گرفتاری پر ان ممالک کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا تھا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان نے آئی وے وے کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے تاہم اسے صرف پہلا قدم قرار دیا ہے۔ امریکی حکومت نے بھی آئی وے وے کی رہائی کو سراہا ہے۔

مبصرین کے مطابق آئی وے وے کو وزیر اعظم وین جیاباؤ کے دورہء یورپ سے قبل رہا کرنے کا مقصد دورے کے دوران چین پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تنقید کی شدت کو کم کرنا ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں