'چین امیت شاہ کے دورہ اروناچل پردیش کا مخالف ہے‘
20 فروری 2020چین بھارت کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کو اپنے تبت کا جنوبی حصہ مانتا ہے اور اسی لیے اس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اروناچل پردیش دورے کی سخت الفاظ میں مخالفت کی ہے۔ جمعرات 20 فروری کو بطور ریاست اروناچل پردیش کا چونتیسواں یوم تاسیس ہے اور اسی مناسبت سے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے امیت شاہ اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹا نگر کے دورے پر ہیں۔
بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے اس دورے پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کا یہ دورہ چین کی علاقائی خودمختاری کے منافی ہے۔ نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کہا،’’بھارت اور چین کے درمیان مشرقی علاقے کی سرحد، یا پھر تبت کے جنوبی خطے سے متعلق چین کا موقف مستقل اور بہت واضح رہا ہے۔ حکومت نے نام نہاد اروناچل پردیش کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا اور چین امیت شاہ کے تبت کے چینی علاقے میں دورے کا سخت مخالف ہے کیونکہ اس سے چین کی علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اس سے سرحدی علاقے کے کا استحکام اور باہمی سیاسی اعتماد سبوتاژ ہوتا ہے اور متعلقہ دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔‘‘
چین کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایسے کسی بھی قدم سے باز رہنا چاہیے جس سے''سرحدی مسائل کے مزید پیچیدہ ہونے کا خطرہ ہو اور سرحدی علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔‘‘
بھارت نے امیت شاہ کے دورے پر چینی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چینی موقف بھارتی عوام کے نظریات کے بالکل منافی ہے۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا،''بھارت کا یہ دیرینہ موقف ہے کہ اروناچل پردیش بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس طرح جیسے کوئی بھی بھارتی شہری کسی بھی ریاست کا دورہ کر سکتا ہے اسی طرح اروناچل پردیش کا بھی دورہ کیا جا سکتا ہے۔‘‘
چین کا موقف ہے کہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش بھی تاریخی طور پر جنوبی تبت کا حصہ رہا ہے اور چونکہ تبت چین کا علاقہ ہے اس لیے رو سے اروناچل پردیش بھی اسی کا حصہ ہے۔ لیکن بھارت اس موقف کو مسترد کرتا ہے۔ چونتیس برس قبل بیس فروری کو بھارت نے اس متنازعہ خطے کو ریاست کا درجہ دیا تھا اسی مناسبت ایک تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ ایٹا نگر کے دورے پر گئے۔
ایٹا نگر پہنچتے ہی انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں چونتسویں یوم تاسیس کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اروناچل پردیش کے قدرتی مناظر کی تعریف میں لکھا، ''پہاڑوں اور ثقافتی ورثے سے مالا مال یہ سر زمین، جسے قدرت نے شاندار خوبصورت مناظر سے نوازا ہے۔ میں اس ریاست کی مستقل ترقی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
ز ص / ع ا (خبر رساں ادارے)