چین نے امریکا کو چینگڈو قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا
24 جولائی 2020بیجنگ نے واشنگٹن کی طرف سے چینی افسران کے خلاف مبینہ جاسوسی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چینگڈو قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم امریکا کے 'نامناسب اقدامات‘ کا جواب ہے۔
امریکا نے اس ہفتہ کے اوائل میں چین کو حکم دیا تھا کہ وہ امریکی شہر ہیوسٹن میں واقع اپنے قونصل خانے کو 72 گھنٹے کے اندر بند کردے۔ چین نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جمعہ 24 جولائی کو امریکا کو حکم دیا کہ وہ چین کے مغربی شہر میں چینگڈو میں واقع اپنے قونصل خانے کو بند کردے۔
چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام''امریکا کی طرف سے نامناسب اقدام کا قانونی اور ضروری جواب ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”چین اور امریکا کے مابین تعلقات کی موجودہ صورت حال ویسی نہیں ہے جیسا کہ چین دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے لیے پوری طرح امریکا ذمہ دار ہے۔" چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ”امریکا کا اقدام بین الاقوامی قوانین، بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں اور چین۔ امریکا قونصلر کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے۔"
چین کی طرف سے اس تازہ اقدام اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافے کا اثر شیئر بازار پر بھی دکھائی دیا۔ شنگھائی کا کمپوزٹ انڈیکس 2.25 فیصد گر کر 3250.70 پوائنٹ پر پہنچ گیا۔
امریکا کا بیجنگ میں ایک سفارت خانہ اور ہانگ کانگ میں ایک قونصل خانہ کے علاوہ چین کے پانچ دیگر شہروں میں قونصل خانے بھی ہیں۔ چینگڈو قونصل خانہ 1985 میں قائم کیا گیا تھا۔ اوراس وقت اس میں تقریبا ً200 افراد کام کرتے ہیں جن میں 150کے قریب مقامی باشندے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ نے منگل کے روز چین کو حکم دیا تھا کہ وہ ہیوسٹن میں اپنے قونصل خانے کو 72 گھنٹے کے اندر بند کردے۔ امریکا نے چین پر املاک دانش چرانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کو بند کرنے کے امریکی انتظامیہ کے حکم کے بعد چینی حکومت نے سخت جوابی اقدامات کی دھمکی دی تھی۔ چین نے امریکا کے فیصلے کو آئندہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ انتظامیہ کی ناکامی کا ٹھیکرا بیجنگ کے سر پھوڑنے کی کوشش بھی قرار دیا تھا۔ اس سے قبل امریکا نے چین کی 'دھونس‘ کے خلاف بین الاقوامی برادری سے ایک عالمی اتحاد قائم کرنے کی اپیل کی تھی۔
چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے ایک عوامی سروے شروع کیا تھا کہ چین میں کس امریکی قونصل خانے کو بند کیا جائے۔ اخبار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سیاست کرنے کا الزام بھی لگا تے ہوئے لکھا تھا”نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات نے واشنگٹن کو پاگل بنادیا ہے۔"
دریں اثنا امریکا نے ویزا میں دھوکہ دہی کے معاملے میں چین کے تین شہریوں کو آج جمعے کو گرفتارکرلیا ہے اور چوتھے چینی شہری کو گرفتار کرنے کی تیاری ہورہی ہے،جو کہ خاتون ہیں اور سان فرانسسکو میں واقع چینی قونصل خانے میں موجود بتائی جاتی ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گرفتار کیے گئے ان چینی شہریوں نے مبینہ طور پر چینی فوج کا رکن ہونے کے متعلق دروغ گو ئی سے کام لیا تھا۔
ج ا / ص ز (ایجنسیاں)