1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین نے جاسوسی کے الزام میں قید آسٹریلوی صحافی کو رہا کر دیا

11 اکتوبر 2023

چینگ لی بیجنگ میں تین سال حراست میں گزارنے کے بعد میلبرن واپس پہنچ گئی ہیں۔ ان کی قید آسٹریلیا اور چین کے درمیان کشیدگی کا سبب بن گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/4XO77
چینگ لی چین کے سرکاری ٹیلیویژن کے لیے بطور اینکر کام کررہی تھیں جب انہیں اگست 2020 میں حراست میں لے لیا گیا
چینگ لی چین کے سرکاری ٹیلیویژن کے لیے بطور اینکر کام کررہی تھیں جب انہیں اگست 2020 میں حراست میں لے لیا گیاتصویر: Ng Han Guan/AP Photo/picture alliance

آسٹریلوی صحافی چینگ لی، جنہیں قومی سلامتی کے الزامات کے تحت چین میں تین سال تک حراست میں رکھا گیا تھا، وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔

انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا،" حکومت ایک طویل عرصے سے انہیں واپس لانے کی کوشش کررہی تھی۔ ان کی واپسی کا نہ صرف ان کے خاندان اور دوستوں کی طرف سے بلکہ تمام آسٹریلوی شہریوں کی جانب سے بھی پرتپاک خیر مقدم کیا جائے گا۔"

چینی دباؤ کے بعد آسٹریلوی صحافیوں کی بیجنگ سے واپسی

البانیز نے کہا کہ چینگ کی میلبرن میں اپنے دو بچوں کے ساتھ دورباہ ملاقات ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی رہائی "چین میں قانونی کارروائیوں کی تکمیل " کے بعد ہوئی۔

اڑتالیس سالہ چینگ چین کے سرکاری ٹیلیویژن کے لیے بطور اینکر کام کررہی تھیں جب انہیں اگست 2020 میں حراست میں لے لیا گیا۔ ان پر سرکاری راز افشا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا اور مارچ 2020 میں ایک بند کمرے میں ان کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں انہیں سزا سنائی گئی۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ انہوں نے اس سال کے اواخر میں چین جانے کا منصوبہ بنایا ہے
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ انہوں نے اس سال کے اواخر میں چین جانے کا منصوبہ بنایا ہےتصویر: Mick Tsikas/AP/picture alliance

البانیز اس سال چین کا دورہ کریں گے

آسٹریلوی حکومت ایک طویل عرصے سے چینگ کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں کررہی تھی۔ ان کی حراست کینبرا اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی کا سبب بن گئی تھی۔

آسٹریلیا نے چین کے ساتھ بیلٹ اور روڈ معاہدہ ختم کر دیا

آسٹریلیا نے ان کی حراست کے بارے میں بارہا تشویش کا اظہار کیا تھا۔ جیل میں قید کے دوران چینگ نے اگست میں آسٹریلوی حکام کو لکھے گئے ایک خط میں خود کو درپیش نامساعد حالات کا ذکر کیا تھا۔

چینی جاسوس نے منحرف ہو کر بہت سے اہم ملکی راز اگل دیے

انہوں نے اپنے خط میں، جسے آسٹریلیا کے نام 'محبت نامہ' کہا گیا، لکھا تھا،" میں سورج کی روشنی سے محروم ہوں۔ میں نے تین سالوں میں کوئی درخت نہیں دیکھا۔ میں ندی، جھیل اور سمندر کے کنارے چہل قدمی سے محروم ہوں۔ تیراکی، پکنک اور طلوع ہوتے اور غروب  ہوتے سورج کے خوبصورت منظر کو دیکھنے سے محروم ہوں۔"

البانیز نے کہا کہ انہوں نے اس سال کے اواخر میں چین جانے کا منصوبہ بنایا ہے، چین آسٹریلیا کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔

چین کے خلاف امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کا دفاعی معاہدہ

کینبرا 2019 سے چین میں قید ایک اور چینی آسٹریلوی صحافی یانگ ہنگ جن کی رہائی کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔

ج ا / ص ز (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)