چین کی کینیڈا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا پلان
24 جولائی 2012چین کے تیل اور گیس کے سرکاری ادارے چائنا نیشنل آف شور آئل کارپوریشن (China National Offshore Oil Corporation) یا CNOOC نے کینیڈا میں تیل اور گیس کی پیداوار میں مصروف ایک بڑی کمپنی کی خرید میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں اس سودے سے اوٹاوا پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ کیا وہ سکیورٹی خدشات کے تناظر اور احساسات کے باعث اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو مسترد کر دے گا یا کوئی اور فیصلہ کرے گا۔
چین میں سمندری علاقے میں تیل تلاش کرنے والی CNOOC اس وقت چین میں تیل کے شعبے میں تیسری بڑی کمپنی ہے۔ دیگر دو میں چائنا نیشنل پٹرولیم کارپوریشن (China National Petroleum Corporation) اور چائنا پیٹرو کیمیکل کارپوریشن ہیں۔ تیل کی تلاش کے تیسرے سب سے بڑے چینی ادارے نے کینیڈا میں تیل کی تلاش کے ایک بڑے ادارے نیکسن کے تمام حصص خریدنے کی ڈیل کو ظاہر کیا ہے۔ چینی ادارے کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ وہ نیکسن کی تمام ملازمتوں کو قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ کینیڈا کو کسی ایک صوبے میں خطِ استوا کے دوسری جانب یعنی کرہٴ ارض کے مغربی حصے میں اپنے آپریشن کا صدر مقام قائم کرے گا۔
چین کے ادارے CNOOC نے کینیڈین کمپنی نیکسن کو فی حصص کے عوض ساڑھے ستائیس امریکی ڈالر کی پیشکش کی ہے۔ اس پیشکش کا ایک یہ پہلو بھی ہے کہ چینی کمپنی ہر حصص کی قیمت نقد ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ نیکسن تیل کی پیداوار کا بڑا ادارہ ہے اور اس کا بڑا آپریشن اس وقت کینیڈا کے صوبے البرٹا میں جاری ہے۔ نیکسن کمپنی ایک اور کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں گیس کی تلاش و ترسیل کے علاوہ خلیج میکسیکو اور مغربی افریقہ کے سمندری علاقوں میں بھی تیل کی تلاش میں مصروف ہے۔
کینیڈا کے موجودہ وزیراعظم اسٹیفن ہارپر کی خواہش ہے کہ چین ان کے ملک میں تیل اور گیس کے سیکٹر میں خاص طور پر سرمایہ کاری کرے اور چینی کمپنی CNOOC کی یہ پیشکش امکاناً اسی خواہش کی عملی شکل ہو سکتی ہے۔ چینی کمپنی CNOOC کے چیف ایگزیکٹو لی فین رونگ (Li Fanrong) کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے کے پلان سے کینیڈا کو سرمایہ کاری کا ایک انتہائی مستحکم ذریعہ دستیاب ہو گا۔ چینی کمپنی CNOOC کی پیشکش کو کینیڈا کی وزارت صنعت کی منظوری حاصل ہونا باقی ہے اور اسی کے بعد ہی مزید پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔
چینی کمپنی کی پیشکش کا ابتدائی ردعمل بہت ہی مثبت دیکھا گیا ہے۔ نیکسن کمپنی کے ایگزیکٹو بورڈ نے اس ڈیل کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ اس پیشکش کے بعد کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع مرکزی بازار حصص میں نیکسن کے فی حصص کی قیمت میں نو کینیڈین ڈالر سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔ چین کی اس پیش رفت کو شمالی امریکا میں چین کی اقتصادی قدم جمانے کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ چین کی جانب سے سن 2005 میں ایک امریکی کمپنی Unocal کو بھی خریدنے کی کوشش کی تھی مگر وہ سیاسی ردعمل اور مخالفت کے باعث تکمیل کو نہیں پہنچ سکی تھی۔
ah/ab (Reuters)