چیچنیا میں دو خودکش حملے، چار پولیس اہلکار ہلاک
21 اگست 2009یہ بم حملے سائیکل پر سوار دو خودکش حملہ آوروں نے گروزنی کے دو مختلف اضلاع میں دوپہر کے وقت کئے۔ ان حملوں کی تحقیقات کے لئے حساس ریاستی اداروں کی ایک مشترکہ ٹیم مقرر کر دی گئی ہے۔ اس ٹیم کی ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں حملہ آوروں نے دو دو پولیس اہلکاروں کو اپنا نشانہ بنایا، جس سے ان حملوں کا باہمی تعلق واضح ہوتا ہے۔
چیچن وزیر داخلہ رسلان الخانوف نے بھی چار پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک حملے میں ایک عورت کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
سویت یونین کے انہدام کے بعد روسی جمہوریہ کے طور پر چیچنیا میں گزشتہ دو عشروں سے علیحدگی پسندی کی ایک ایسی مسلح تحریک چل رہی ہے جس میں آج تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ماسکو کی طرف سے چیچن باغیوں کو مجرم اور عسکریت پسند قرار دیا جاتا ہے۔
اسی دوران شمالی قفقاز کے خطے میں سرگرم ایک اسلامی انتہا پسند گروپ ریاض الصالحین نے چیچنیا کی ہمسایہ روسی جمہوریہ انگوشتیا میں ہوئے ایک حالیہ خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گزشتہ ہفتے اس حملے میں بیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریاض الصالحین نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ گزشتہ ہفتے سائبیریا میں ایک روسی ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ پر حملہ اس کے عسکریت پسندوں نے کیا تھا۔ روسی حکومت نے اس دعوے کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔
رپورٹ: انعام حسن
ادارت: مقبول ملک