1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیانا کی پسندیدہ فیشن ڈیزائنر کینسر کے آگے ہار گئیں

27 ستمبر 2010

فیشن کی دنیا کی مشہور فرانسیسی شخصیت اور برطانیہ کی آنجہانی لیڈی ڈیانا کی پسندیدہ خاتون فیشن ڈیزائنر کیتھرین واکر 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھیں۔

https://p.dw.com/p/PNEA
کیتھرین واکر، ڈیانا کی پسندیدہ خاتون فیشن ڈیزائنر تھیںتصویر: AP

کیتھرین واکر کے خاندان کی طرف سے اتوار کو لندن میں کئے گئے ایک اعلان کے مطابق شہزادی ڈیانا کی اس فیورٹ فیشن ڈیزائنر کا انتقال چھاتی کے سرطان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث جنوبی انگلینڈ میں سسیکس کے نواح میں ایک ہسپتال میں ہوا۔

پیدائشی طور پر فرانس سے تعلق رکھنے والی کیتھرین واکر نے انگلینڈ کے ایک شہری جان واکر سے شادی کی تھی اور وہ 1975ء میں بیوہ ہو گئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنی دونوں بیٹیوں کی پرورش اکیلے ہی کی تھی۔

کیتھرین واکر نے لیڈی ڈیانا کے لئے ملبوسات کی تیاری کا کام 1981ء میں ڈیانا کی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی کے بعد شروع کیا تھا اور پھر لیڈی ڈیانا کی 1997ء میں پیرس میں کار کے ایک حادثے میں اچانک موت تک وہ برطانوی شاہی خاندان کی اس ہر دلعزیز رکن کی پسندیدہ ڈیزائنر رہی تھیں۔

ان سولہ برسوں میں کیتھرین واکر نے شہزادی ڈیانا کے لئے بہت سے ایسے ملبوسات ڈیزائن کئے تھے، جو بعد میں خواتین کے فیشن ملبوسات کی دنیا میں نئی طرز اور روایات کا سبب بنے تھے۔

شہزادی ڈیانا کی فرانسیسی دارالحکومت میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں ہلاکت کے بعد انہیں جس سیاہ لباس میں دفن کیا گیا تھا، وہ بھی کیتھرین واکر نے ہی ڈیزائن کیا تھا۔

Diana und kein Ende
کیتھرین واکر نے ڈیانا کے لئے بے شمار ملبوسات تیار کئےتصویر: AP

اس فرانسیسی فیشن ڈیزائنر کے انتقال کے بعد لندن میں جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ کیتھرین واکر نے برطانیہ میں فیشن ڈیزائننگ کی دنیا کو کئی بہت کامیاب برانڈ دئے اور اس کے ساتھ ساتھ ایک ماں کے طور پر وہ بچپن میں ہی یتیم ہو جانے والی اپنی دونوں بیٹیوں کی پرورش کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے کبھی غافل نہیں ہوئی تھیں۔

سرطان کے ہاتھوں اپنے انتقال سے قبل یہ فرانسیسی فیشن ڈیزائنر دو مرتبہ اس مہلک مرض کے شدید حملوں کا شکار رہی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں دنیا کی بہت سی انتہائی اہم اور بہت خوبصورت خواتین کے لئے بے شمار ملبوسات ڈیزائن کئے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ