1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈین براؤن کی نئی کتاب: یومیہ فروخت کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

18 ستمبر 2009

'دا ڈاونچی کوڈ' کے معروف مصنف ڈین براؤن کی نئی کتاب 'دی لوسٹ سمبل' نے یومیہ فروخت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اس کتاب کے پبلیشر اور فروخت کنندگان کے مطابق منگل کو اس کے اجراء کے پہلے روز ہی دس لاکھ جلدیں فروخت ہو گئیں۔

https://p.dw.com/p/JjGN
ڈین براؤنتصویر: AP
Buchcover The lost Symbol Das verlorene Symbol Dan Brown
ڈین براؤن کی نئی کتابتصویر: picture alliance / empics

یہ ریکارڈ امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ میں فروخت کا ہے۔ کتاب کو شائع کرنے والے ادارے Knopf ڈبل ڈے پبلشنگ کی ایڈیٹر اِن چیف سونی مہتا کہتی ہیں، 'ہم شمالی امریکہ میں دی لوسٹ سمبل کی تاریخ ساز فروخت دیکھ رہے ہیں۔ '

دوسری جانب دنیا کے سب سے بڑے آن لائن ریٹیلر ایمازون نے ڈین براؤن کی نئی کتاب کو اجراء کے پہلے روز سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب قرار دیا ہے۔ گزشتہ برس سے جاری اقتصادی بحران کے دوران کتابوں کی فروخت کا کاروبار بھی مندی کا شکار تھا۔ تاہم 'دی لوسٹ سمبل' کی ریکارڈ توڑ فروخت نے پبلشرز اور فروخت کنندگان دونوں ہی کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کتابوں کی اشاعت و فروخت سے وابستہ افراد کافی عرصے سے کسی ایسی کتاب کے انتظار میں تھے، جو مطالعے کا شوق رکھنے والوں کو ہلا کر رکھ دے۔ وہ کوئی ایسی کتاب مارکیٹ میں لانا چاہتے تھے، جو رواں دہائی کے اوائل میں شائع ہونے والی 'ہیری پورٹر' سیریز کی سی کامیابی حاصل کرے۔ اس سیریز کی خالق برطانوی ادیبہ جے کے رولنگ تھیں۔

تاہم ان کی ایسی خواہشات کے برعکس امریکہ میں 25 بلین ڈالر مالیت کی کتابوں کی مارکیٹ میں مندی کی متعدد وجوہات تھیں، جن میں کتابوں کی آن لائن خریداری کے رجحان میں اضافے کے ساتھ ساتھ آن لائن گیمز اور ذرائع ابلاغ کی مختلف اقسام کے باعث مطالعے کے رجحان میں کمی بھی شامل تھیں۔

Buchcover Dan Brown Da Vinci Code Flash-Galerie
براؤن کی نئی کتاب 'دا ڈاونچی کوڈ' کے اجراء کے چھ سال بعد شائع ہوئی ہےتصویر: picture alliance / Photoshot

ایسے حالات میں 'دی لوسٹ سمبل' نے ان کی ٹوٹتی ہوئی اُمیدوں کو ایک سہارا دیا ہے۔ ڈین براؤن کی یہ کتاب 'دا ڈاونچی کوڈ' کے اجراء کے چھ برس بعد منظر عام پر آئی ہے۔ اس کتاب میں ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر رابرٹ لینگڈن کے ایڈونچر کا تذکرہ کرتے ہوئے واشنگٹن میں فری میسن کی خفیہ دنیا کو بیان کیا گیا ہے۔

ڈین براؤن کی گزشتہ کتاب کی دنیا بھر میں 80 ملین جلدیں فروخت ہوئی تھیں۔ اس کی کہانی پر بننے والی فلم سے 758 ملین ڈالر سے زائد رقم حاصل ہوئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی