ڈیوس کی رہائی کے بعد بھی دو طرفہ تعلقات متاثر رہ سکتے ہیں، تجزیہ
17 مارچ 2011پاکستانی حکام کے مطابق خون بہا کی رقم ادا کرنے کے بعد ڈیوس کی رہائی ممکن ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طویل مذاکراتی عمل کے بعد طے پایا ہے کہ اب پاکستانی خفیہ ادارہ آئی ایس آئی، پاکستان میں سی آئی اے کے اہلکاروں کے داخلے اور ان کے مقامی آپریشنز سے متعلق قوانین سخت تر کردے گا۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کہہ چکی ہیں کہ واشنگٹن حکومت نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا نہیں کیا۔
اس امریکی شہری کے عمل سے بظاہر چار پاکستانی شہریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ دو افراد 27جنوری کو ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، تیسرا اس کی مدد کو آنے والی امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوا جبکہ ہلاک شدگان میں سے ایک شخص کی بیوہ نے خودکشی کر لی تھی۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان بعض معاملات پر پہلے ہی اختلافات موجود تھے اور ڈیوس کے معاملے سے اس میں اور شدت پیدا ہوگئی۔
دی ہیریٹیج فاؤنڈیشن میں جنوبی ایشیاء کے امور کی ماہر لیزا کرٹیس Lisa Curtis کے بقول، ’’اگرچہ دونوں ممالک کے مابین ایک سفارتی تنازعہ فی الحال حل ہوگیا ہے تاہم دو طرفہ تعلقات کو لاحق بنیادی خطرات اب بھی موجود ہیں۔‘‘ اس تناظر میں ایک معمہ یہ بیان کیا جاتا ہے کہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری عوامی طور پر غیر مقبول ہیں، بڑی حد تک امریکی مالی امداد پر انحصار کرتے ہیں اور اگر وہ ملک کے اندر بڑھتے ہوئے امریکہ مخالف جذبات کا نشانہ بن گئے تو ان کا سیاسی کیریئر مختصر ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے لیے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو محض دفاعی مقاصد کے لیے تین ارب ڈالر کی امداد ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ اکتاہٹ کی حد تک اسلام آباد حکومت سے ناراض ہے کہ وہ بعض عسکریت پسند گروہوں کے خاتمے میں ناکام رہی ہے۔
ڈیوس کی رہائی کے بعد ایک اعلیٰ پاکستانی حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ اب اعلیٰ سطح کی دو طرفہ ملاقاتوں کے نئے نظام الاوقات پر کام شروع ہوجائے گا۔ امریکی حکام نے ڈیوس کی رہائی تک ان ملاقاتوں کے معاملے کو التوا میں ڈال دیا تھا۔ اس عہدیدار کے بقول، ’’ باضابطہ طور پر تو ہمیں امید ہے کہ تعلقات ویسے ہی رہیں گے جیسے اس تنازعے سے پہلے تھے مگر طویل المدتی تعلقات پر اس کے اثرات لازمی طور پر رہیں گے، اور دونوں اطراف اعتماد کا فقدان رہے گا۔‘‘
پاکستان کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کو بھی ڈیوس کے معاملے سے جوڑا جاتا ہے۔ جنوری کے آخری ہفتے میں ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری کے بعد کئی ہفتے تک کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا تھا۔ بین الاقوامی سیاسی و دفاعی امور پر نظر رکھنے والی تنظیم Council on Foreign Relations سے وابستہ ڈینیئل مارکی کے بقول عین ممکن ہے کہ اب پاکستان کے اندر امریکی انٹیلی جنس آپریشنز قدرے محدود ہوجائے۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : افسر اعوان