1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیٹا کا تحفظ اس بار کی نمائش Cebit کا مرکزی موضوع

بوہمے، ہینرک/ کشور مصطفیٰ10 مارچ 2014

کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی نمائش Cebit ہر سال کی طرح اس بار بھی جرمن شہر ہنوور میں منعقد ہو رہی ہے۔ 9 مارچ کو اس کا افتتاح جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کیا۔

https://p.dw.com/p/1BMty
تصویر: Reuters

جرمنی میں ہر سال منعقد ہونے والی نمائش Cebit کمپیوٹر کی دنیا میں مسلسل ہونے والی ایجادات اور اس شعبے میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں نمائش کے منتظمین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے شعبے کے ماہرین اور نجی صارفین کی دلچسپی کے حساب سے نمائش میں ایک توازن قائم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ تاہم ہر مرتبہ ان میں سے کوئی نہ کوئی غیر مطمئن رہا اور اس طرح اس بین الاقوامی نمائش کی ساکھ اور اس کے معیار کو کسی حد تک نقصان پہنچا۔

سُو فیصد آئی ٹی بزنس

اس بار Cebit میں ایک بہت بڑی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس کے نئے سربراہ اولیوور فرسّے نے اس نمائش کا بنیادی مقصد آئی ٹی بزنس کو قرار دیا ہے۔ اُن کے بقول،" حالیہ برسوں میں ہونے والی یہ ایک منطقی ترقی ہے۔ ہماری نمائش میں کمپیوٹر کے شعبے کے ماہرین کی شرکت میں بہت اضافہ ہوا ہے اور اس مناسبت سے نجی شائقین کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ Cebit میں شرکت کرنے والے نمائش کنندگان اپنی نت نئی مصنوعات کو متعارف کرانے کے بعد نمائش کے آخر میں تجارتی معاہدے طے کرنا چاہتے ہیں اور اپنے بزنس کے فروغ کے لیے ٹھوس نتائج کے متمنی ہیں۔ ان کے لیے کمپیوٹر کی عالمی مارکیٹ میں بڑے بزنس کی راہ ہموار کرنے کا یہ بہترین موقع ہے اس لیے ہم 2014 ء کی اس نمائش کی کامیابی کی توقع کر رہے ہیں" ۔

CeBIT 2014 in Hannover Samsung
اس بار کی نمائش کا موٹو ’Detability‘ ہےتصویر: Getty Images

ڈیٹا کا تحفظ مرکزی موضوع

اس بار Cebit میں آئی ٹی بزنس کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ تمام نمائش کنندگان اپنی اپنی مصنوعات جن میں اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹر بھی شامل ہیں، کے اسٹالز کے سامنے قطار میں کھڑے شائقین کو جہاں فون اور کمپیوٹر اسکرین کی معیار، اس پر نظر آنے والی تصاویر کی خوبصورتی وغیرہ کی تشہیر کر رہے ہیں وہیں ڈیٹا کے تحفظ کی نت نئی ٹیکنالوجی ہر کسی کی غیر معمولی دلچسپی کا سبب نظر آ رہی ہے۔ اس وقت بزنس کے سب سے زیادہ مواقع ڈیٹا تحفظ ٹیکنالوجی میں ہی پائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار کی نمائش کا موٹو ’Detability‘ہے۔ جس کا مطلب ہے ڈیٹا اسٹیبیلیٹی یعنی ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں پائے جانے والے بہت بڑی تعداد میں ڈیٹا کو مستحکم اور پائیدار طریقے سے محفوظ رکھنے کی ٹیکنالوجی۔ یہ ٹیکنالوجی وقت کی سب سے بڑی ضرورت بن چُکی ہے اور اسی لیے نمائش کنندگان اپنی ایسی مصنوعات لے کر Cebit میں شریک ہیں جن کی مدد سے ڈیٹا کا آسان اور محفوظ استعمال ممکن ہو سکتا ہے۔

Bildergalerie Cebit 2014 Startups Code_N
ہنوور کی نمائش گاہتصویر: DW/J. Schmeller

اعتماد سازی کی بحالی کی کوششیں

امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کے انکشافات سامنے آنے کے بعد کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والے ہر خاص و عام کا ڈیٹا کے تحفظ کے حوالے سے اعتماد اُٹھ چُکا ہے۔ ڈیٹر کیمپف جرمنی کی آئی ٹی برانچ کی انجمن ’بِٹ کوم‘ کے سربراہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے،"میرے خیال میں اس نمائش کے ذریعے ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ڈیٹا کو محفوظ طریقے سے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ ہمارے پاس ایسی ٹیکنالوجی موجود ہے جس کی مدد سے ڈیٹا کے تحفظ اور اس کے استعمال کے قابل بھروسہ ہونے کا یقین دلا یا جا سکتا ہے۔ اس بار Cebit میں ہر اسٹال پر سب سے زیادہ تشہیر اسی امر کی کی جا رہی ہے" ۔

Cebit ایک نادر موقع ہے کمپیوٹر کے شعبے کے ماہرین کے لیے، یورپ کی اس مضبوط ترین اقتصادی قوت، جرمنی کی روزگار کی منڈی میں قدم جمانے کا جہاں ماضی کی طرح ہنوز کمپیوٹر ماہرین کی کمی پائی جاتی ہے۔