1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاغذی پرچی کے ساتھ سنگاپور کا بینک لوٹنے والا کینیڈین گرفتار

مقبول ملک11 جولائی 2016

تھائی لینڈ کے دارالحکومت سے ایک ایسے کینیڈین شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے تین روز قبل صرف ایک کاغذی پرچی دکھا کر سنگاپور میں ایک بینک لوٹ لیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے یہ ڈاکہ قطعی غیر مسلح حالت میں ڈالا تھا۔

https://p.dw.com/p/1JNF0
Polizisten patroullieren in Singapur
تصویر: AFP/Getty Images/R. Rahman

سنگاپور سے پیر گیارہ جولائی کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں ملکی پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ شخص حکام کو اس لیے مطلوب تھا کہ اس نے حال ہی میں اس شہری ریاست میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی ایک شاخ سے 30 ہزار ڈالر لوٹ لیے تھے۔

سنگاپور پولیس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس واردات میں، جو تین روز قبل کی گئی تھی، ملزم نے محض کاغذ کے ایک ٹکڑے پر لکھا گیا ایک دھمکی آمیز پیغام استعمال کیا تھا۔ بیان کے مطابق، ’’یہ ملزم سات جولائی کے روز دوپہر کے وقت سنگاپور میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی ایک برانچ میں داخل ہوا تھا اور اس نے کیش کلرک کو کاغذ کی ایک پرچی تھما دی تھی۔‘‘

اس واردات کی چھان بین کرنے والے تفتیشی حکام کے قریبی ذرائع نےبتایا، ’’اس پرچی پر لکھا تھا: یہ ایک ڈکیتی ہے۔ میرے پاس اسلحہ ہے۔ ساری نقدی میرے حوالے کر دو اور پولیس کو نہ بلانا۔‘‘ اس پر بینک کے کیش کلرک نے اپنے پاس موجود قریب 30 ہزار سنگاپور ڈالر (22 ہزار امریکی ڈالر کے برابر) ملزم کے حوالے کر دیے تھے، جو یہ رقم لے کر پیدل ہی موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

سنگاپور کے ایک اخبار کے مطابق تھائی لینڈ میں، جہاں ملزم کو حراست میں لیا گیا، پولیس نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ کینیڈا کا شہری ہے اور جمعرات سات جولائی کی شام سنگاپور سے بنکاک پہنچا تھا۔ تھائی پولیس کے بقول اس ملزم کو اتوار دس جولائی کو بنکاک میں اس ہوسٹل سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ ٹھہرا ہوا تھا۔ تھائی پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت بھی ملزم، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا۔

Singapur Skyline Finanzdistrikt
سنگاپور کا شمار ایشیا کے محفوظ ترین شہروں میں ہوتا ہےتصویر: imago/Rainer Unkel

تھائی لینڈ میں بین الاقوامی پولیس انٹرپول کے سربراہ میجر جنرل سُوری بُونیا نے بتایا کہ اس وقت ملزم تھائی پولیس کی حراست میں ہے جب کہ سنگاپور پولیس کے بیان کے مطابق اس بارے میں بنکاک میں حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے کہ آیا ملزم کو تھائی لینڈ سے ملک بدر کر کے سنگاپور میں حکام کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔

سنگاپور اور تھائی لینڈ کے آپس میں قریبی سفارتی تعلقات تو ہیں لیکن دونوں ملکوں کے مابین مطلوب افراد کو ملک بدر کر کے ایک دوسرے کے حوالے کر دینے کا کوئی باہمی معاہدہ موجود نہیں ہے۔

سنگاپور، جو جنوب مشرقی ایشیا کی ایک چھوٹی سی شہری ریاست ہے، میں بینک ڈکیتی کے واقعات انتہائی شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ وہاں نجی طور پر اپنے پاس ہتھیار رکھنے پر سخت پابندی ہے اور جرائم کی روک تھام کے لیے انتہائی مؤثر قوانین نافذ ہیں۔ اسی لیے سنگاپور کا شمار ایشیا کے محفوط ترین شہروں میں ہوتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں