1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کانکون ماحولیاتی کانفرنس کے نتائج حوصلہ افزا رہے

16 دسمبر 2010

اُنتیس نومبر سے لے کر دَس دسمبر تک جاری رہنے والی اِس کانفرنس سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کی جا رہی تھیں لیکن عین آخری لمحات میں کچھ ایسی باتوں پر اتفاقِ رائے ہو ہی گیا، جس سے اِس کانفرنس کا کچھ بھرم باقی رہ گیا۔

https://p.dw.com/p/QdDO
تصویر: picture-alliance/ dpa

کانکون ماحولیاتی کانفرنس کے آخری لمحات میں بولیویا کی مزاحمت کے باوجود زمینی درجہء حرارت میں اضافے کو دو ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے اور ایک ماحولیاتی فنڈ کے قیام پر اتفاق رائے ہو گیا۔ کانکون کانفرنس کے نتائج پر جرمن وزیر ماحول نوربرٹ روئٹگن نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

جرمن وزیر ماحول روئٹگن نے کہا، ’یہ پہلا موقع ہے کہ عالمی برادری نے دو ڈگری سینٹی گریڈ کے ہدف کو باقاعدہ طور پر تسلیم کیا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ جنگلات کے تحفظ، ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور مالی وسائل کی طویل المدتی فراہمی کے حوالے سے واضح فیصلے سامنے آئے ہیں۔ ایسے میں میرے خیال میں تحفظ ماحول کے بین الاقوامی عمل کے احیاء کی جانب یہ حقیقی معنوں میں ایک اہم قدم ہے‘۔

CDU-Parteitag 2010
جرمن وزیر ماحول نوربرٹ روئٹگنتصویر: dapd

اختتامی اعلامیے کے منظور کر لئے جانے کا اعلان میکسیکو کی خاتون وزیر خارجہ پاٹریسیا ایسپینوزا نے کیا۔ میکسیکو نے جس طرح سے مذاکرات کی قیادت کی اور تمام تر انتظامات کئے، اُس کی تقریباً تمام شرکاء نے تعریف کی۔ 194 میں سے 193 ملکوں نے اختتامی اعلامیے کی منظوری دی جبکہ بولیویا واحد ملک کے طور پر آخر وقت تک مزاحمت کرتا رہا۔ بالآخر مذاکرات کی قیادت کرنے والی پاٹریسیا ایسپینوزا نے یہ کہہ کر کہ بولیویا کا اعتراض نوٹ کر لیا گیا ہے، یہ اعلان کر دیا کہ اختتامی اعلامیہ منظور کر لیا گیا ہے۔

میکسیکو کے اِس فیصلہ کن طرزِ عمل کو جرمن وزیر ماحول نوربرٹ روئٹگن نے بھی سراہا۔ اُنہوں نے کہا، ’میرے خیال میں ایسا کرتے ہوئے یہاں یہ بات بھی واضح کر دی گئی ہے کہ اگر کوئی ایک ملک باقی تمام ممالک کے خلاف کھڑا ہو جاتا ہے تو یہ چیز ناقابلِ قبول ہے۔ پوری عالمی برادری کے درمیان اتفاقِ رائے ہے‘۔

Patricia Espinosa - Präsidentin der UN-Klimakonferenz 2010
میکسیکو کی وزیر خارجہ پاٹریسیا ایسپی نوزاتصویر: picture-alliance/dpa

کانکون کانفرنس کے آغاز سے پہلے اِس اجتماع سے پہلے جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں، وہ درحقیقت پوری بھی ہوئیں۔ اِس بات کا تحریری طور پر تعین کر دیا گیا کہ زمینی درجہء حرارت میں اوسط اضافے کو دو ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔ اِسی طرح اُس ماحولیاتی فنڈ پر بھی اتفاقِ رائے ہو گیا، جس کے ذریعے ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے مدد دی جائے گی۔ اُستوائی جنگلات کے تحفظ کے اقدامات کو بھی وہاں آباد قدیم مقامی آبادیوں کے حقوق کا خیال رکھتے ہوئے بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ البتہ 2012ء میں ختم ہونے والے کیوٹو سمجھوتے کی جگہ کسی متبادل سمجھوتے کا معاملہ آئندہ پر اٹھا رکھا گیا ہے۔

گرین پیس سے تعلق رکھنے والے ماہرِ ماحولیات مارٹن کائیزر نے کہا، ’میکسیکو کی اچھی صدارت کی وجہ سے ہم ایک ایسی بنیاد قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جس پر آئندہ برس بات کو آگے بڑھانے اور بالآخر ایک ایسا سمجھوتہ عمل میں لانے کا امکان پیدا ہوا ہے، جس پر عملدرآمد بین الاقوامی قانون کے تحت لازمی ہو گا‘۔

مارٹن کائیزر نے البتہ اِس بات پر زور دیا کہ بہت سی ضروری باتوں پر پیشرفت اگلے برس جنوبی افریقی شہر ڈربن میں منعقدہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس ہی میں ممکن ہو سکے گی۔

رپورٹ: ہیلے ژیپیسن / امجد علی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں