1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں دس دن کے سوگ کا اعلان : ایم کیو ایم

17 ستمبر 2010

لندن میں ایم کیو ایم کے ایک رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں خوف کے سائے ایک مرتبہ پھر گہرے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔االطاف حسین کی طرف سے دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PEQU
پاکستان کی تیسری بڑی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسینتصویر: AP

پاکستان کی تیسری بڑی سیاسی جماعت اور مخلوط حکومت میں نمایاں کردار ادا کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ کے ایک سینیئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق لندن میں جمعرات کی شام اپنے گھر کے سامنے زخمی حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کے جسم پر چاقو کے پے در پے وار اور سر پر بھی زخموں کے نشانات تھے۔ انہیں فوری طور پر ایک قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔

Pakistan Mord Politiker Imran Farooq
ڈاکٹر عمران فاروق کو لندن میں ان کے گھر کے قریب قتل کیا گیاتصویر: picture alliance / empics

پچاس سالہ ڈاکٹر عمران فاروق 1999سے لندن میں مقیم تھے۔ 1992میں پاکستانی حکومت کی طرف سے ایم کیو ایم کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن کے دوران ان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ان مقدمات کو سیاسی انتقام کا نام دے کر انہوں نے اپنی جان کو درپیش خطرے کے پیش نظر لندن میں سیاسی پناہ مانگی تھی۔

کراچی میں نسلی اور سیاسی فسادات کی ایک تاریخ رہی ہے اور گزشتہ ماہ بھی متحدہ قومی موومنٹ کے ایک رہنما رضا حیدر کے قتل کے بعد شہر میں ہنگامے اور فسادات شروع ہوگئے تھے، جن میں 85 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Unruhen nach Demo in Karachi
17 ستمبر، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی سالگرہ کی تقریبات منسوختصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ رات ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی خبر ملتے ہی شہر میں سوگ کی فضا پھیل گئی اور خوف کا ماحول محسوس کیا جانے لگا۔ آج جمعہ کے روز بھی شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر نظر آئی اور مجموعی طور پر شہر کے پر ہجوم اور پر شور علاقوں تک میں سکوت چھایا رہا۔

آج 17 ستمبر کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی سالگرہ بھی ہے، جو ہر سال پارٹی کارکنوں کی سطح پر بھی منائی جاتی ہے مگر عمران فاروق کے قتل کے بعد الطاف حسین نے اس حوالے سے اہتمام کردہ تمام تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔

رپورٹ: سمن جعفری

ادارت: مقبول ملک