کرکٹ ورلڈ کپ: ’بھارت میں دہشت گردی کا خطرہ‘
10 مارچ 2011خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران عسکریت پسند کوئی حملہ کر سکتے ہیں۔ بدھ کو ایک حکومتی اہلکار نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے کوئی مخصوص خطرہ درپیش نہیں ہے۔
سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی یو کے بنسل نے بتایا، ’گزشتہ کچھ مہینوں سے ممکنہ دہشت گردی کے بارے میں کافی معلومات موصول ہوئی ہیں۔ بھارت مخالف عناصر ان حالات کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ آج کل جاری ہے اور اس کی میزبانی مشترکہ طور پر بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کر رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل دو اپریل کو بھارتی شہر ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ قبل ازیں پاکستان بھی ان مقابلوں کا شریک میزبان تھا، تاہم وہاں سکیورٹی وجوہات کی بناء پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس ملک کا نام میزبانوں کی فہرست سے خارج کر دیا۔ تقریباﹰ دو برس پہلے پاکستان کے شہر لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گردانہ حملہ بھی ہوا تھا۔
نئی دہلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ورلڈ کپ کے مقابلوں کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
بھارت کو 26 نومبر 2008ء کو دہشت گردی کی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جنہیں ملکی تاریخی کے بدترین حملوں میں شمار کیاجاتا ہے۔ تب ممبئی میں دو فائیو سٹار ہوٹلوں اور ایک ریلوے سٹیشن سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔ حملوں کا یہ سلسلہ گھنٹوں جاری رہا اور اس دوران کم از کم 165 افراد ہلاک ہوئے۔ بھارتی پولیس نے ایک حملہ آور اجمل قصاب کو زندہ گرفتار کیا۔ دیگر نو حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے جبکہ قصاب سمیت تمام کا تعلق پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔ ان حملوں کے باعث پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات مزید کشیدہ ہوئے۔
ان حملوں کے لیے پاکستان کی کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
اُدھر کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے گروپ بی کے ایک میچ میں بھارت نے کل ہالینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے بڑی آسانی سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر اور 37 ویں اوور میں ہی 190 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ سچن تندولکر نے 27، ویریندر سہواگ نے 39 جبکہ یوراج سنگھ نے ناٹ آؤٹ 51 رنز بنائے۔
اِس سے پہلے ہالینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سینتالیس ویں اوور میں ہالینڈ کی پوری ٹیم 189 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ ظہیر خان نے تین جبکہ یووراج سنگھ اور پیوش چاولہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی