کرکٹ ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں
21 مارچ 2011کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ کے گروپ میچ نمٹ چکے ہیں اور گروپ اے اور گروپ بی میں سے سب سے زیادہ پوائنٹس جیتنے والی چار چار ٹیموں نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ کوارٹر فائنل کے سلسلے کا پہلا میچ تئیس مارچ کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔
دوسرا میچ چوبیس مارچ کو بھارتی شہر احمد آباد میں منعقد ہوگا، جس میں آسٹریلیا اور بھارت رو بہ رو ہوں گی۔ تیسرا کوارٹر فائنل بھی ڈھاکہ میں ہوگا، جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیوں کا آمنا سامنا ہوگا۔ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سری لنکا اور انگیلنڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے گروپ میچوں میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور اس بنا پر ان کو ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پسندیدہ ٹیمیں بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم غیر متوقع نتائج کرکٹ کا حصّہ ہیں اور دوسری ٹیمیں بھی اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بھارت نے اپنے گروپ کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو اسی رنز سے شکست دی تھی جب کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک اچھے مقابلے کے بعد ہرایا تھا۔ آسٹریلیا کی اس شکست کے بعد عالمی کپ میں اس کے ناقابلِ تسخیر ہونے کا سلسلہ بھی دم توڑ گیا۔
ورلڈ کپ کا فائنل بھارتی شہر ممبئی میں دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: شامل شمس
ادارت: عدنان اسحاق