1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ٹيسٹ ميچ کا دورانيہ پانچ سے چار دن کرنے پر غور

5 جنوری 2020

کرکٹ کا نگران بين الاقوامی ادارہ آئی سی سی عنقريب اس بات پر بحث کرنے والا ہے کہ آيا ٹيسٹ ميچز کی مدت ميں کمی کر دی جائے۔ چند ممالک اس کے حق ميں ہيں تو چند اس کے خلاف ہيں۔ شائقين اس بارے ميں کيا رائے رکھتے ہيں؟

https://p.dw.com/p/3VjRe
Cricket Pakistan - Sri Lanka
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

انٹرنيشنل کرکٹ کونسل (ICC) عنقريب اس بارے ميں غور کرنے والی ہے کہ آيا تمام ٹيسٹ ميچوں کو پانچ دن کے بجائے چار دن کا کر ديا جائے۔ 2017ء ميں آئی سی سی نے چار دن پر محيط ٹيسٹ ميچوں کی منظوری دے دی تھی اور پھر جنوبی افريقہ نے زمبابوے کے خلاف اور انگلينڈ نے آئرلينڈ کے خلاف ايسے آزمائشی ميچ کھيلے بھی۔ تاہم اب اس بارے ميں فيصلہ کيا جانا ہے کہ دنيا بھر ميں کھيلے جانے والے تمام ٹيسٹ ميچوں ميں فيصلے تک پہنچنے کے ليے مقررہ مدت پانچ روز سے کم کر کے چار زور کر دی جائے۔

دراصل اس صورتحال کے پيچھے دو مرکزی وجوہات کارفرما ہيں۔ ايک تو ان دنوں بين الاقوامی کرکٹ کا انتہائی مصروف شيڈول، جس سے اسپانسر اور اشتہاری کمپنياں تو ضرور بھاری بھرکم منافع کماتی ہيں ليکن کھلاڑيوں کی جسمانی و نفسياتی صحت کے ليے يہ شيڈول کافی پريشان کن ثابت ہو رہا ہے۔ دوسرا يہ کہ ’ٹی ٹوئنٹی‘ جيسے کم دورانيے کے نئے فارميٹ بڑی تيزی سے نہ صرف شائقين بلکہ اسپانسرز ميں بھی مقبول ہو رہے ہيں۔

بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی
بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلیتصویر: AFP/D. Sarkar

بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی ٹيسٹ ميچر کی مدت ميں کمی کے بالکل حامی نہيں۔ ان کا خيال ميں کرکٹ کھيل کے سب سے اصل فارميٹ کے ساتھ زيادہ چھيڑ چھاڑ درست نہيں۔ گوہاٹی ميں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی  سے قبل بات چيت کرتے ہوئے کوہلی نے کہا، ’’ميرے خيال ميں يہ کرکٹ کے اصل اور شفاف ترين فارميٹ کے ساتھ نا انصافی ہو گی۔ اسی طرح کرکٹ کا کھيل شروع ہوا تھا اور ميری رائے ميں اس ميں کوئی ترميم نہيں کی جانی چاہيے۔‘‘

آسٹريليا کی ٹيسٹ ٹيم کے کپتان ٹم پين نے اپنے ساتھی کھلاڑيوں ٹريوس ہيڈ اور نيتھن ليون کے ساتھ اس تجويز کو مسترد کر ديا ہے۔ گو کہ آسٹريلوی بورڈ نے اس معاملے پر سنجيدگی سے غور کرنے کا عنديہ ديا تھا۔ دوسری جانب انگلينڈ کی کرکٹ ٹيم اس کی حامی ہے اور آئی سی سی ميں يہ مطالبہ سامنے رکھی گی کہ سن 2023 سے چار دن پر محيط ٹيسٹ ميچز لازمی قرار دے ديے جائيں۔ امير اور با اثر سمجھے جانے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کا اس معاملے پر فی الحال کوئی موقف سامنے نہيں آيا ہے۔

اس معاملے کا ايک اور پہلو يہ بھی ہے کہ آج کل کئی ٹيسٹ ميچز کا فيصلہ چار دن ميں ہو جاتا ہے۔ ايسے ميں منتظمين کی کوشش ہے کہ مدت کم کر کے بقيہ وقت ميں کم دورانيے والے فارميٹ متعارف کرائے جائيں۔ دوسری جانب فيڈريشن آف انٹرنيشنل کرکٹرز ايسوسی ايشن کا خدشہ ہے کہ اس ممکنہ فيصلے کے نتيجے ميں بچ جانے والے وقت کو مزيد ميچوں سے بھر ديا جائے گا۔

ع س / ع ت، نيوز ايجنسياں