1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں دو عسکریت پسند اور آٹھ سکیورٹی اہلکار ہلاک

افسر اعوان خبر رساں ادارے
26 اگست 2017

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک حکومتی کمپاؤنڈ پر قبضے کے لیے حملے کے نتیجے میں بھارتی پولیس کے آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2itpL
Indien Kaschmir Grenze zu Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

خبر رساں ادارے نے بھارتی زیر انتظام کشمیر کے اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق پلواما میں قائم ایک  پولیس کیمپ پر عسکریت پسندوں نے آج ہفتہ 26 اگست کی صبح حملہ کر دیا۔ بھارتی جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید کے مطابق اس پولیس کمپاؤنڈ پر قبضے کے لیے یہ جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ وید نے سری نگر میں صحافیوں کو بتایا کہ اب اس پولیس کیمپ پر تلاش کا عمل جاری ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھارتی زیر انتظام کشمیر کے ایک مقامی اخبار کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری عسکریت پسند گروپ جیش محمد نے قبول کر لی ہے۔

Pilgerreise - Amarnath
بھارتی سکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ سرحد کے آر پار فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی رینجرز کے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/M. Tauseef

گزشتہ برس ستمبر کے بعد سے بھارتی سکیورٹی فورسز کے کسی مرکز پر یہ سب سے بڑا حملہ تھا۔ ستمبر 2016 میں مسلح افراد نے لائن آف کنٹرول کے قریب اڑی میں واقع ایک فوجی کیمپ پر حملہ کر کے بھارتی فوج کے 18 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔

روئٹرز کے مطابق بھارتی فوجی رواں برس اب تک 134 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر چکی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کو گزشتہ دو ماہ کے دوران مارا گیا۔ گزشتہ برس بھارتی فورسز نے 150 عسکریت پسندوں کو مارا تھا۔

بھارتی حکام کے مطابق رواں برس جولائی میں قریب 79 عسکریت پسند لائن آف کنٹرول عبور کر کے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں داخل ہوئے تھے۔

اس واقعے کے علاوہ بھارتی سکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ انہوں نے آج ہفتے کے روز سرحد کے آر پار فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی رینجرز کے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

کشمیری باغی رہنما کی تدفین میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے