کلثوم نواز کو سپرد خاک کر دیا گیا
14 ستمبر 2018بیگم کلثوم کی نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے پانچ بجے مولانا طارق جمیل نے پڑھائی۔ اس کے بعد فوری بعد مرحومہ کی میت کو جاتی امرا منتقل کیا گیا، جہاں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاکستان مسلم لیگ نون کے ہزاروں کارکنوں اور ہمدردوں سمیت تقریباً تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد، صحافیوں، سول سوسائٹی کے کارکنوں اور تاجروں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
اس سے قبل آج جمعے کی صبح کلثوم نواز کی میت ایک جہاز کے ذریعے برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جب ان کا تابوت پہنچا تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔
گلے کے کینسر میں مبتلا کلثوم نواز کی طبیعت گزشتہ کئی ماہ سے ان ناساز تھی اور وہ لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ ان کا انتقال منگل کے دن 68 برس کی عمر میں ہوا تھا۔ پاکستانی حکام نے نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو عارضی طور پر رہا کیا ہے تاکہ وہ کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہو سکیں۔ ان دونوں کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ کلثوم نواز کی میت کی پاکستان روانگی سے قبل جمعرات کے دن لندن میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔