کلود مونے کی پینٹنگ کی ریکارڈ 111 ملین ڈالر میں نیلامی
15 مئی 2019ایک امریکی نیلام گھر سودَبیز میں مونے کی یہ پینٹنگ نیلامی کے لیے رکھی گئی تو اس کے لیے سات افراد نے بولی لگانا شروع کی اور محض آٹھ منٹ ہی میں یہ فن پارہ ریکارڈ 110.7 ملین امریکی ڈالر میں خرید لیا گیا۔
سو ملین سے زائد کی قیمت کے عوض فروخت ہونے والی یہ پہلی پینٹنگ ہے۔ معروف فرانسیسی مصور کلود مونے اپنی لینڈ اسکیپ پینٹنگز کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور ان کی اس شہرہ آفاق پینٹنگ کا عنوان ’میولے‘ ہے۔
کلود مونے کو رنگوں، روشنیوں اور سایوں کے منفرد استعمال کا ماہر کہا جاتا ہے اور ان کی مذکورہ پینٹنگ ’ہے سٹیکس‘ سلسلے کی اٹھارہ پینٹنگز میں سے ایک ہے۔ اس پینٹنگ کو سن 1890 میں مکمل کیا گیا تھا۔
رواں صدی کے دوران ان میں سے چار پینٹنگز کی نیلامی کی جائے گی اور ان چار میں سے گزشتہ روز نیلامی کے لیے رکھی گئی پینٹنگ وہ واحد شاہکار ہے، جو نجی ملکیت میں تھا۔ دیگر سترہ فن پارے نیو یارک کے میٹروپولیٹن میوزیم اور شکاگو کے آرٹ انسٹیٹیوٹ کے پاس ہیں۔
اس نیلام گھر کے مطابق اس پینٹنگ کو بیچنے والے شخص نے اسے سن 1986 میں محض 2.53 ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ اس سے قبل یہ پینٹنگ قریب ایک صدی تک ایک ہی خاندان کی ملکیت میں تھی، جس نے اسے 1890 کی دہائی میں مونے کے ڈیلر سے براہ راست خریدا تھا۔
کلود مونے کی اس پینٹنگ کے موجودہ خریدار کے بارے میں سودَبیز نے کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔
ش ح / م م (اے پی، ڈی پی اے)