کل کا بس کنڈکٹر، آج بالی وڈ کا مہنگا ترین اسٹار
12 اگست 201035 ملین ڈالرز یا 1 اعشاریہ 65 بلین روپے کے بجٹ سے تیار کی جانے والی اس فلم نے ماضی کی مہنگی ترین ہندی فلم ’Blue‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اُس پر 750 ملین روپے کے اخراجات آئے تھے۔ اندھیرن اس سال کے اواخر تک ریلیز ہوگی۔ اس کی شوٹنگ دنیا کے بہت سے مقامات پر کی گئی ہے۔ اِس فلم کے کچھ مناظر کی شوٹنگ پیرو کے 560 سال قدیم تاریخی شہر ’ماچو پیچو میں کی گئی ہے۔ ’اندھیرن‘ کے زیادہ تر مناظر برازیل اور امریکہ میں فلمائے گئے ہیں۔
بھارت کے ایک چوٹی کے فلمی ناقد تارن آدرش کے بقول ’ فلم اندھیرن پر بہت زیادہ فضول خرچی کی گئی ہے‘۔ ایک اور فلم بھی، جو رجنی کانت کی ’اندھیرن‘ کی ہم پلہ ہوگی، جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔ اِس سائنس فکشن فلم کا ہندی میں نام ’دی روبوٹ‘ جبکہ تلگو میں ’روبو‘ ہے۔ اس میں سابقہ مِس ورلڈ اور بالی وُڈ کے ایک بہت بڑے اسٹار مانے جانے والے امیتابھ بچن کی بہو ایشوریہ رائے مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ رجنی کانت کی ’اندھیرن‘ ہی سب سے مقبول اور مہنگی فلم ہوگی۔
رجنی کانت ایکشن ہیرو کے طور پر غیر معمولی مقبولیت رکھتے ہیں۔ اپنی عملی زندگی کے آغاز پر وہ ایک بس کنڈکٹر ہوا کرتے تھے۔ 70ء کے عشرے میں انہوں نے یہ پیشہ چھوڑ کر جنوبی بھارت کے شہر مدراس میں ڈرامے کے شعبے میں تعلیم و تربیت حاصل کرنا شروع کی۔ اب وہ 150 فلموں کے ہیرو کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ فلمی ناقد تارن آدرش کہتے ہیں، ’رجنی ایک اچھا اداکار ہے اور عوام کے دلوں میں گھر بنا لینے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت، جاپان، ملائیشیا، امریکہ اور برطانیہ میں لوگ رجنی کانت کو ایک بہت بڑے اداکار کی حیثیت سے جانتے ہیں‘۔ فلم اندھیرن میں رجنی نے ڈبل رول ادا کیا ہے، ایک سائنسدان کا بھی اور ایک روبوٹ کا بھی۔ اس فلم کے ہدایت کار ہیں، ایس شنکر، شاعر غنائی جبکہ موسیقار ہیں، اے آر رحمان، جنہیں ’سلم ڈاگ ملینئر‘ میں عمدہ موسیقی پر دو آسکر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
رجنی کانت 2007 ء میں بھی بھارتی فلموں کے مہنگے ترین اداکار قرار پائے تھے۔ انہوں نے اُس وقت تک کی بھارتی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ’سیوا جی دی باس‘ میں کام کرکے خود کو بالی وڈ کا سب سے چمکتا ستارہ ثابت کیا تھا۔ اس فلم پر 650 ملین روپے کی لاگت آئی تھی، جن میں سے 200 ملین روپے رجنی کانت کو دئے گئے تھے اور اس طرح وہ اُس وقت تک کے سب سے مہنگے بھارتی فلمی اداکار قرار پائے تھے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: امجد علی