کمیونسٹ جرمنی کے تاریخی ریکارڈ سے پوٹن کا شناختی کارڈ مل گیا
12 دسمبر 20181990ء میں منقسم جرمنی کے دوبارہ اتحاد سے پہلے کے کئی عشروں کے دوران مشرقی حصے کی کالعدم سوویت یونین کے سیاسی اثر و رسوخ میں رہنے والی کمیونسٹ ریاست ڈیموکریٹک ری پبلک آف جرمنی اور مغربی حصے میں قائم وفاقی جمہوریہ جرمنی دو شدید حد تک حریف ریاستیں تھیں۔
ان کئی دہائیوں کے دوران سابقہ مشرقی جرمن ریاست میں کالعدم سوویت یونین کی خفیہ سروس کے جی بی کے سینکڑوں اہلکار بھی تعینات رہتے تھے۔ اس دور کی مشرقی جرمن خفیہ پولیس ایک بدنام زمانہ ادارہ تھا، جو ہر کسی کی جاسوسی کرتا تھا اور جس کا نام ’شٹازی‘ تھا۔ ’شٹازی‘ اس سیکرٹ پولیس کے جرمن زبان میں نام کا مخفف تھا، جس کا مطلب ’ریاستی سلامتی کا محکمہ‘ بنتا تھا۔
اب متحدہ جرمنی میں کمیونسٹ جرمنی کی آرکائیوز کی چھان بین کرنے والے محققین کو ایک ایسا شناختی کارڈ ملا ہے، جو سوویت انٹیلیجنس کے جی بی کے ایک افسر ولادیمیر پوٹن کو جاری کیا گیا تھا۔ تب پوٹن نامی یہ سوویت انٹیلیجنس افسر مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن میں تعینات تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ ماضی کا یہی کے جی بی افسر دراصل آج کے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن ہیں، جو 1985ء سے لے کر 1989ء کے اواخر تک کمیونسٹ جرمنی میں تعینات رہے تھے۔ ’شٹازی ریکارڈز ایجنسی‘ کے ڈائریکٹر کونراڈ فیلبر نے کثیر الاشاعت جرمن روزنامے ’بلڈ‘ کو بتایا کہ یہ شناختی کارڈ موجودہ روسی صدر پوٹن کو ڈریسڈن میں ان کی تعیناتی کے عرصے کے دوران جاری کیا گیا تھا۔
فیلبر نے کہا، ’’یہ ایک حیران کن دریافت ہے، اس لیے کہ کسی کو علم ہی نہیں تھا کہ کمیونسٹ جرمنی میں سوویت یونین کے کسی ایسے انٹیلیجنس افسر کو شٹازی کا کوئی کارڈ جاری کیا گیا تھا، جو اب روس کا صدر ہے۔‘‘
کونراڈ فیلبر کے مطابق روسی صدر پوٹن کو ماضی میں جاری کیے گئے اس مشرقی جرمن شناختی کارڈ کا اس طرح دریافت کیا جانا محض ایک اتفاق ہے۔ ’’روزنامہ ’بلڈ‘ نے ہمیں چند دیگر دستاویزات کی تلاش کے لیے درخواست دی تھی، جس دوران اچانک ولادیمیر پوٹن کو جاری کیا گیا یہ کارڈ محققین کے ہاتھ لگ گیا۔‘‘
کونراڈ فیلبر نے مزید کہا، ’’اس کارڈ کے اجراء کا مطلب یہ ہے کہ اس کارڈ کے ذریعے کے جی بی کے ایک افسر کے طور پر پوٹن کو مشرقی جرمن سیکرٹ پولیس کے تمام دفاتر تک باآسانی رسائی حاصل رہی ہو گی۔ لیکن اس کا خود بخود یہ مطلب نہیں بنتا کہ پوٹن شٹازی کے لیے کام بھی کرتے رہے ہوں گے۔‘‘
ولادیمیر پوٹن، جو روانی سے جرمن زبان بھی بولتے ہیں، 1985ء سے لے کر 1989ء میں سابقہ مشرقی جرمن ریاست جی ڈی آر کے ناکام ہو جانے تک ڈریسڈن میں تعینات رہے تھے۔ اس عرصے کے دوران ان کی بیٹیوں میں سے ایک ڈریسڈن ہی میں پیدا ہوئی تھی۔
م م / ا ا / ڈی پی اے، اے ایف پی