1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم عمر لڑکیوں کا جنسی استحصال، حسین برادران کو طویل سزائیں

امجد علی26 فروری 2016

برطانیہ کے تین حسین برادران سمیت پانچ افراد کو انگلینڈ کے شمالی قصبے راتھریم کے مشہور سیکس اسکینڈل میں کم عمر لڑکیوں کے خلاف مختلف نوعیت کے جنسی جرائم کے لیے قصور وار ثابت ہونے پر قید کی طویل سزائیں سنائی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1I37g
Großbritannien Rotherham Missbrauch
راتھریم میں ایک بچی ہاتھ میں گڑیا پکڑے سڑک پر جا رہی ہے، ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سولہ برسوں میں یہاں ایک ہزار چار سو تک بچے جنسی استحصال کا نشانہ بنےتصویر: picture-alliance/dpa/W. Oliver

شیفیلڈ کی کراؤن کورٹ کی جانب سے یہ سزائیں چھبیس فروری جمعے کے روز سنائی گئی ہیں۔ بچوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنانے والے اس گینگ میں برطانیہ کے تین حسین برادران اور اُن کے ایک انکل کے ساتھ ساتھ دو سفید فام خواتین بھی شامل تھیں۔

یہ اسکینڈل تقریباً دو سال قبل منظر عام پر آیا تھا، جب اس انکشاف نے پوری دُنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا کہ مختلف جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھوں ایک ہزار چار سو تک بچے جنسی استحصال کا نشانہ بنے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق استغاثہ نے بتایا کہ اس چھ رکنی گروہ نے 1987ء سے لے کر سولہ سال تک کے عرصے کے دوران گیارہ سے لے کر اکیس سال تک کی عمر کے پندرہ متاثرین کا جنسی استحصال کیا۔

استغاثہ کا کہنا تھا کہ یہ گروہ کمزور قوت ارادی کی مالک لڑکیوں اور خواتین کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ جنسی استحصال کے لیے تیار کرتا تھا اور پھر اُن سے ایسے کام کرواتا تھا، جن سے اُن کی بے حد تضحیک ہوتی تھی یا جن میں وہ تشدد کا بھی نشانہ بنتی تھیں۔

شیفیلڈ کی کراؤن کورٹ کی جج سارہ رائٹ نے سزائیں سناتے ہوئے عدالت میں موجود ملزمان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’تم لوگوں نے جو کچھ کیا ہے، اُس کے متاثرہ افراد، اُن کے اہلِ خانہ اور پوری کمیونٹی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ان لڑکیوں کا بچپن اور نوعمری انہیں کبھی بھی لوٹائی نہ جا سکے گی۔ ان میں سے ہر ایک کو بے پناہ نفسیاتی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔‘‘

حسین برادران چالیس سالہ ارشد، انتالیس سالہ بشارت اور چھتیس سالہ بنارس حسین کو بالترتیب پینتیس، پچیس اور اُنیس سال کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ اُن کے انکل قربان علی کو دس سال تک کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑے گا۔

Großbritannien Karen MacGregor Prozess sexuelle Ausbeutung Minderjähriger
58 سالہ خاتون کیرن میک گریگر کو 13 سال کی سزائے قید سنائی گئی ہےتصویر: picture-alliance/empics/PA Wire URN:24673197

اٹھاون سالہ سفید فام خاتون کیرن میک گریگر کو، جو نوجوان خواتین کو رہائش فراہم کرتی تھی اور پھر اُنہیں مردوں کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر مجبور کرتی تھی، تیرہ سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔

ایک چھٹی ملزمہ چالیس سالہ شیلی ڈیوس بھی سفید فام ہے اور اُسے ان واقعات میں اپنے کردار کی وجہ سے اٹھارہ ماہ کی معطل سزائے قید سنائی گئی ہے۔

2014ء میں ایک تحقیقاتی رپورٹ میں یہ پتہ چلا تھا کہ سماجی تحفظ فراہم کرنے والے مراکز سے بچوں بالخصوص لڑکیوں کو اغوا کیا جاتا تھا اور پھر راتھریم میں بالخصوص ایشیائی پس منظر رکھنے والے مرد ان بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرتے تھے اور ان پر جبر و تشدد بھی کرتے تھے۔

اس رپورٹ میں پولیس، سماجی کارکنوں اور کونسلرز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کہ وہ اتنے بڑے پیمانے پر جنسی استحصال کوروکنے میں ناکام رہے۔ رپورٹ کے مطابق حکام کو ان واقعات کے شواہد بھی ملتے رہے لیکن انہوں نے اس ڈر سے کوئی کارروائی کرنے سے گریز کیا کہ کہیں اُنہیں نسل پرست نہ قرار دے دیا جائے۔

Großbritannien Rotherham Missbrauch
شیفیلڈ کی کراؤن کورٹ کی جج سارہ رائٹ نے ملزمان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’تم لوگوں نے جو کچھ کیا ہے، اُس کے پوری کمیونٹی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔‘‘تصویر: picture-alliance/dpa/W. Oliver

گزشتہ چند برسوں کے دوران برطانیہ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے متعدد واقعات سامنے آتے رہے ہیں تاہم راتھریم کا واقعہ ان میں سب سے زیادہ ہلا دینے والا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید