1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس نے عمرے کی ادائیگی کو بھی متاثر کر دیا

27 فروری 2020

سعودی حکام نے جمعرات ستائیس فروری سے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں عمرے کے ویزے کا اجراء معطل کر دیا ہے۔ اس پابندی سے رواں برس کے حج کی ادائیگی پر بھی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3YVLe
Saudi-Arabien Hajj
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Nabil

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی علاقائی صورت حال کو دیکھتے ہوئے عمرے کی ادائیگی کے ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس تناظر میں یہ وضاحت بھی کی ہے کہ سیاحتی ویزوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے لیکن یہ پابندی عارضی ہے۔ ابھی تک سعودی عرب میں اس بیماری میں مبتلا کسی بھی مریض کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔

سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ اور مدینہ واقع ہیں۔ لاکھوں حاجی ہر سال حج کے دوران ان شہروں میں واقع مقدس زیارات کے لیے مذہبی جوش و خروش سے سفر اختیار کرتے ہیں۔ اب دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے نمونیا بیماری کے پھیلنے کی وجہ سے حج کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے افراد میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

لندن میں قائم ایک تھنک ٹینک گلوبل ایسوسی ایٹس کے بانی غنم نصیبہ نے عمرے پر لگائی جانے والی پابندی کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی حکام کو مقدس مہینے رمضان کے شروع ہونے پر عمرہ کرنے والے زائرین کی تعداد میں اضافے پر ممکنہ طور پر وبا پھیلنے کی تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ اسلامی کیلینڈر کا نواں مہینہ رمضان رواں برس اپریل کے آخری ہفتے میں شروع ہو رہا ہے۔

Saudi-Arabien Mekka 2019 | Kaaba
یہ بھی ایک مشکل سوال ہے کہ آیا رواں برس حج کے وقت تک ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد رہے گیتصویر: picture-0alliance/ZUMAPRESS/A. Amra

دوسری جانب سعودی عرب کی ہمسایہ خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات، عُمان، کویت اور بحرین میں کورونا وائرس کی مختلف افراد میں تشخیص کی جا چکی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ خلیجی ریاستوں میں کورونا وائرس ایران سے واپس لوٹنے والے عرب شہریوں سے پہنچا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں تیرہ مریض اس وائرس میں مبتلا ہیں۔ کویت میں ایسے مریضوں کی تعداد تینتالیس ہے۔ بحرین میں تینتیس افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ عُمان میں چار مریض ہے۔ کویت میں قرنطینہ کیے گئے مریضوں میں ایک سعودی شہری بھی شامل ہے۔

اسی طرح سعودی عرب کے علاقائی حریف ملک ایران میں نمونیا بیماری کا باعث بننے والے وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بائیس تک پہنچ گئی ہے۔ اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد ایک سو چالیس سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چین کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

ع ح ⁄  ع ت (اے ایف پی، روئٹرز)

انڈونیشیا میں حجاب کا مقامی کاروبار