1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: پاکستان ميں ايک دن ميں سب سے زیادہ نئے کیسز

عاصم سلیم
2 مئی 2020

پاکستان ميں قريب تيرہ سو نئے کيسز کے بعد کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دريں اثناء ايک تازہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ ملک ميں ملازمت پيشہ خواتين اس وبا سے کافی متاثر ہو رہی ہيں۔

https://p.dw.com/p/3bgKn
Pakistan Peschawar Coronavirus  Lockdown
تصویر: DW/F. Khan

پاکستان ميں گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ميں ايک دن ميں سب سے زيادہ اضافہ نوٹ کيا گيا۔ لگ بھگ 220 ملين کی آبادی والے ملک پاکستان ميں جيسے جيسے ٹيسٹوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، متاثرين کی تعداد ميں بھی اسی حساب سے اضافہ نوٹ کيا جا رہا ہے۔

پاکستان ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی مجموعی تعداد 18,114 ہو گئی ہے۔ کووڈ انيس کے بارے ميں اعداد و شمار اور معلومات کی فراہمی کے ليے حکومت پاکستان کی ويب سائٹ کے مطابق دو مئی کی صبح تک صوبہ سندھ ميں متاثرين کی تعداد 6,675، صوبہ پنجاب ميں 6,733، صوبہ خيبر پختونخوا ميں 2,799 اور صوبہ بلوچستان ميں متاثرين کی تعداد 1,113 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ميں اب تک کووڈ انيس کے 1,136 کيسر سامنے آ چکے ہيں جبکہ گلگت بلتستان ميں متاثرين کی تعداد 340 ہے اور پاکستان کے زير انتظام کشمير ميں يہ تعداد 66 ہے۔

پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران پاکستان ميں 1,297 نئے کيسز سامنے آئے جب کہ 32 افراد ہلاک ہوئے۔ چوبيس گھنٹوں ميں کووڈ انيس کی تشخيص کے ليے 9,164 ٹيسٹ کرائے گئے، جس کے بعد اب ملک بھر ميں کرائے جانے والے ٹيسٹوں کی تعداد 193,859 ہو گئی ہے۔

Coronavirus in Pakistan - Beginn des Ramadan
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. M. Chaudhary

خواتين کی ايک چوتھائی ورک فورس ملازمتوں سے فارغ

فری اينڈ فيئر اليکشن نيٹ ورک (FAFEN) کی جمعہ یکم مئی کو جاری کردہ ایک رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ پاکستان ميں عورتوں پر مشتمل ايک چوتھائی ورک فورس کو يا تو لاک ڈؤان کے باعث ملازمتوں سے فارغ کر ديا گيا ہے يا پھر وہ نوکری سے معطل گھروں پر بيٹھی ہيں۔ اس نيٹ ورک نے پندرہ تا تيس اپريل نو سو سے زائد خواتين کے انٹرويوز کی بنياد پر يہ رپورٹ مرتب کی۔ رپورٹ کے مطابق خواتين پر مشتمل چھبيس فيصد ورک فورس اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بيھٹی ہے۔ چودہ فيصد کی نوکری مستقل بنيادوں پر ختم ہو گئی ہے جبکہ بارہ فيصد کو عارضی طور پر نوکری سے معطل کر ديا گيا ہے۔ متاثرين کی 51 فيصد تعداد کا کہنا ہے کہ انہيں ان کے واجبات بھی ادا نہيں کيے گئے۔

فری اينڈ فيئر اليکشن نيٹ ورک نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور ديا ہے کہ وہ اس بات کو يقينی بنائيں کہ عورتوں کی ملازمتيں ختم نہ کی جائيں۔

BdTD | Bild des Tages Deutsch | Indien | Yamraj
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hussain

بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے زائد

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت ميں اب تک 37,336 افراد ميں نئے کورونا وائرس کی تشخيص ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 1,223 ہے۔ بھارت ميں کووڈ انيس کے زير علاج مريضوں کی اس وقت کُل تعداد 26,167 ہے جبکہ قريب ايک ہزار افراد صحت ياب ہو چکے ہيں۔

نئی دہلی حکومت نے ملگ گير سطح پر نافذ کردہ پابنديوں ميں دو ہفتوں کی توسيع کا اعلان کيا ہے تاہم کئی حصوں ميں لاک ڈاؤن ميں سلسلہ وار نرمی بھی شروع کر دی ہے۔ آج سے سرکاری و نجی سيکٹر کے تمام ملازمين پر يہ لازم ہے کہ وہ حکومتی حمايت يافتہ ايک بلو ٹوتھ ايپليکيشن اپنے اسمارٹ فون پر استعمال کریں۔ يہ ايپ صارفين کو ايسے افراد کے بارے ميں خبردار کرتی ہے، جو کووڈ انيس کے شکار رہے ہوں۔ 'آروگيا سيتو‘ نامی ايپ کو پچاس ملين مرتبہ ڈاؤن لوڈ کيا جا چکا ہے۔