کورونا وائرس کی بالی ووڈ میں انٹری
23 مارچ 2020بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ معروف گلوکارہ کنیکا کپور بالی وڈ کی ایسی پہلی شخصیت ہیں، جو کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں۔ کنیکا اداکارہ سنّی لیونی پر فلمائے گئے ایک نغمے 'بے بی ڈال' سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لندن سے واپسی کے بعد ان میں کورونا کی علامات تھیں اور جانچ کے بعد اس بات کی تصدیق بھی ہو گئی ہے، جس کے بعد سے وہ اور ان کا پورا خاندان قرنطینہ میں ہے اور ڈاکٹروں کے صلاح و مشورے کے مطابق ان کا علاج چل رہا ہے۔
لیکن اس سے پہلے کہ اس بیماری کا پتہ چلتا کنیکا کئی تقریبات میں شامل ہو چکی تھیں۔ انہوں نے لکھنؤ کی ایک ایسی تقریب میں شرکت کی تھی، جس میں بعض اہم سیاست دانوں سمیت کئی سرکردہ شخصیات شامل تھیں اور اب اس پارٹی میں شامل تمام افراد کی جانچ کی جا رہی ہے کہ کہیں ان میں سے تو کوئی کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہے۔
اس پارٹی میں بی جے پی رہنما اور راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے سندھیا اور ان کے بیٹے رکن پارلیمان دشینت سنگھ نے بھی شرکت کی تھی۔ دشینت سنگھ نے بعد میں بھارتی صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی تھی۔
ادھر ریاست اترپردیش کی حکومت نے کنیکا کے خلاف لاپراوہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے اور کہا ہے کہ گلوکارہ نے دانستہ طور پر کورونا وائرس کی علامات کو چھپایا۔
کنیکا کپور ان الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے علامات کے سامنے آتے ہی سرکاری طبی عملے سے فوری طور پر رابطہ کیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کرنے اور رپورٹ دینے میں کئی دن لگائے، جس کی وجہ سے کافی تاخیر ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا،’’'جیسے ہی مجھے محسوس ہوا میں نے حکام سے رابطہ کیا اور پوری تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے میرے سیمپلز لینے میں تین دن لگائے تو کوتاہی کس سے ہوئی ہے؟‘‘
بالی وڈ کی کئی شخصیات نے کنیکا کپور کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے۔ بعض بھارتی میڈیا میں کنیکا کے ٹیلیفونک انٹرویو نشرہوئے ہیں، جس میں انہوں نے اپنے موقف کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا کہ جب انہوں نے ہیلپ لائن نمبر پر پہلی بار کال کی تو ان سے کہا گیا کہ ان کی علامات کورونا وائرس جیسی نہیں ہیں تاہم، ’’جب میں نے ان پر زور ڈالا تب تین دن بعد میرے سیمپلز لینے کے لیے طبی عملے کو بھیجا گیا‘‘۔
بھارت کی جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ پائے گئے ہیں ان میں ریاست مہاراشٹر بھی شامل ہے اور ممبئی شہر میں بھی کئی کیسز سامنے آئے ہیں جس میں سے ایک شخص کی موت بھی ہوچکی ہے۔
اداکار امیتابھ بچن، دلیپ کمار اور شاہ رخ خان سمیت کئی بڑے اداکار شروع ہی سے کورونا سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنی اپنی سطح پر بیداری مہم چلاتے رہے ہیں۔
بیشتر فلمی شخصیات سفر سے گریز کررہی ہیں۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکا میں اپنے شوہر نک کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کال پر اتوار کے روز ڈاکٹروں اور نرسوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اپنی بالکونی میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ شاہ رخ خان نے مداحوں کے لیے اپنی کئی فلموں کے نغموں کی کلپس پیش کی ہیں اور لوگوں کو اس سے آگاہ کیا ہے۔ امیتابھ بچن نے اپنے پورے خاندان کے ساتھ چھت پر کھڑے ہوکر تالیاں اور گھنٹیاں بجائیں۔ گلوکار سونو نگم دبئی میں مقیم ہیں اور انہوں نے کورونا کے متعلق وہیں سے ایک ویڈیو شیئر کی۔
بالی وڈ کی کئی شخصیات نے کورونا وائرس کی وبا کے درمیان اپنی تنہائی کی جھلکیاں، فوٹو یا ویڈیو کی شکل میں شیئر کی ہیں۔ اس میں وقت گزارنے کے لیے کوئی اپنے پالتو جانوروں سے دل بہلا رہا ہے تو کوئی ورزش کے طریقے بتا رہا ہے۔ بعض نے صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے حوالے سے مشورے دیے ہیں۔
صلاح الدین زین/ ج ا