1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کے خلاف جنگ، انگلش کرکٹر بھی میدان میں کود پڑے

4 اپریل 2020

انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے خلاف حکومتی لڑائی میں ایک خطیر رقم کا عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سینٹرل کانٹریکٹ کے حامل مرد کھلاڑیوں نے اس مقصد کے لیے پانچ لاکھ پاؤنڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3aS7Y
ICC Cricket World Cup 2019 | England vs. Neuseeland | Jos Buttler
تصویر: AFP/Getty Images/L. Parnaby

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سیزن اٹھائیس مئی سے قبل شروع نہیں ہو سکے گا۔ جمعے کے دن ای سی بی کی ایک میٹنگ میں مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ ایسے امور بھی زیر بحث آئے کہ اس عالمی وبا کے دوران انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس میٹنگ کے بعد انگلینڈ میں 'پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن‘ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں سینٹرل کانٹریکٹ کے کھلاڑیوں نے نصف ملین پاؤنڈ کا عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقوم ای سی بی کو دی جائیں گی اور کچھ براہ راست خیراتی کاموں پر خرچ کی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ خواتین کی انگلش ٹیم کی کھلاڑیوں نے اس عالمی وبا کے دوران رضاکارانہ طور پر تین ماہ کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹرز کی ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ تمام مرد اور خواتین کھلاڑی کورونا وائرس کی وبا کے دوران بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اس دوران مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کی خاطر مشاورت فراہم کرتے رہیں گے۔

بیان کے مطابق تمام کھلاڑی اس چیلنج کے دوران اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل میں یا سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کا حصہ لیں گے۔ انگلش خواتین کی ٹیم کی کپتان ہیدر نائٹ نے کہا کہ ان کی تمام ساتھی کھلاڑیوں کا خیال ہے کہ اس مشکل وقت میں تنخواہوں میں کٹوتی پر رضا مندی ظاہر کی جائے اور ایک اس عالمی وبا سے جاری لڑائی میں بورڈ اور حکومت کو مدد فراہم کی جائے۔

ہیدر نے مزید کہا کہ انہوں نے نیشنل ہلیتھ سروسز (این ایچ ایس) میں بطور رضاکار کا کردار ادا کرنے کی خاطر رجسٹریشن بھی کروا لی ہے۔ اسی طرح دیگر انگلش کھلاڑی بھی اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک کو درپیش اس مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کوششوں میں ہیں۔  وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر فی الحال اس شرٹ کو نیلام کر رہے ہیں، جو انہوں نے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنی تھی۔ اس نیلامی سے حاصل شدہ رقم وہ کورونا وائرس کے خلاف جاری حکومتی کوششوں کے لیے وقف کریں گے۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں