کون بنے گا وزیراعظم؟
1 اگست 2017پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں کی کُل 342 نشستیں ہیں۔ کسی بھی امیدوار کو فتح کے لیے یہاں 172 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت درکار ہے۔ مبصرین کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ انہیں دو سو سے زائد ووٹ ملنے کے امکانات ہیں۔
دوسری طرف اپوزیشن جماعتیں ابھی تک کسی ایک مشترکہ امیدوار پر اتفاق نہیں کر پائی ہیں۔ مرکزی اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور نوید قمر بطور امیدوار میدان میں ہیں۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے بطور امیدوار شیخ رشید کی حمایت کی جا رہی ہے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے کشور زہرا اور شیخ صلاح الدین جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی پاکستان کے وزیراعظم کے لیے بطور امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اس طرح پاکستان کا 18 وزیراعظم بننے کے خواہش مند چھ مختلف امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔ جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ان کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد تمام امیدواروں کے کاغذات منظور کر لیے ہیں۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے پاکستان کی قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج یکم اگست کو مقامی وقت کے مطابق دن تین بجے شروع ہو گا۔
وزیراعظم کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ محمد نواز شریف کی نا اہلی کے بعد خالی ہوا ہے۔ انہیں پاکستانی سپریم کورٹ نے جمعہ 28 جولائی کو پانامہ کیس میں نا اہل قرار دے دیا تھا۔