کویت کے امیر شیخ صباح اکانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے
29 ستمبر 2020کویت سٹی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق شیخ صباح الاحمد الصباح کافی عرصے سے بیمار تھے۔ ان کا انتقال آج منگل انتیس ستمبر کو ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر سے کچھ پہلے سرکاری ٹیلی وژن پر معمول کی نشریات روک کر قرآن کی تلاوت نشر کرنا شروع کر دی گئی تھی۔ یہ اس امر کا اشارہ ہوتا ہے کہ شاید کوئی انتہائی اہم ملکی شخصیت انتقال کر گئی ہے۔
شیخ صباح کا جون کے مہینے میں پہلے کویت میں ہی کسی غیر اعلان کردہ طبی عارضے کی وجہ سے آپریشن ہوا تھا، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے امریکا منتقل کر دیا گیا تھا۔
شیخ صباح 2006ء سے امریکی اتحادی ملک اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے اہم رکن کویت کے امیر چلے آ رہے تھے۔ تاہم کویتی خارجہ پالیسی پر ان کی شخصیت اور سیاسی فیصلوں کے اثرات کی مدت کم از کم بھی 50 سال بنتی تھی۔
رواں ماہ کے وسط میں کویتی وزیر اعظم نے ملکی کابینہ کو بتایا تھا کہ امیر شیخ صباح کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی تھی۔
م م / ب ج (روئٹرز، اے ایف پی)