کَن فلمی میلے میں بِکھرے دلکش ماہرہ خان کے رنگ
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بین الاقوامی برانڈ لوریال کی پہلی سفیر کی حیثیت سے دنیا کے سب سے بڑے کن فلم فیسٹیول میں جہاں مزید رنگ بکھیر دیے وہیں ایک طرح سے پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
کن کے ریڈ کارپٹ پر ماہرہ کے قدم
دلکش سیاہ گاؤن میں ملبوس ماہرہ خان نے جب پندرہ مئی کی خوبصورت شام کن کے ریڈ کارپٹ پر قدم رکھے تو سبھی کی مرکز نگاہ بن گئیں۔ چند روز قبل کراچی میں ایک نیوز کانفرنس میں ماہرہ نے کہا تھا کہ وہ کن میلے میں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں، جس پر وہ خوش بھی ہیں اور نروس بھی۔
لکس گرل ماہرہ
ماہرہ خان کو مشہور بیوٹی برانڈ لوریال نے گزشتہ برس اکتوبر کے مہینے میں برانڈ کے لیے بطور پہلی ایمبیسیڈر نامزد کیا تھا۔ جبکہ ماہرہ ’لکس گرل‘ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کروا چکی ہیں۔
حسین گاؤن، حسین ماہرہ
اس تصویر میں ماہرہ خان حسین سفید گاؤن میں ملبوس نظر آ رہی ہیں۔ کن کے چار روزہ عالمی فلمی میلے میں ماہرہ کی مختلف تصاویر جو انہوں نے انسٹا گرام پر پوسٹ کیں، دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئیں۔
سب سے بڑھ کر دلنشین
یوں تو اس میلے میں ایشوریا رائے سمیت بھارت کے کئی دلکش چہرے شامل تھے لیکن دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ماہرہ سب سے بڑھ کر حسین نظر آ رہی تھیں۔
بیروت انٹرنیشنل فلم فیسٹیول
گزشتہ برس جولائی میں خوبرو ماہرہ خان کو آٹھویں بیروت انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں دو انعامات سے نوازا گیا تھا۔ پاکستانی اور بھارتی میڈیا نے ماہرہ خان کے لبنانی فلمی میلے میں شرکت کی خبریں نمایاں سرخیوں کے ساتھ شائع کی تھیں۔
شہرت کا سفر
ماہرہ خان عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہیں۔ یوں تو انہوں نے متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا لیکن اُن کی اصل وجہ شہرت پاکستانی ڈرامہ سیریل ’ وہ ہمسفر تھا‘ بنا۔